مریم نواز کی کارکردگی عثمان بزدار سے بہتر

لاہور (بیوروچیف) پنجاب سے نصف سے زائد شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کو پی ٹی آئی کی بزدار حکومت سے بہتر قرار دیا ہے ،60فیصدنے وزیراعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی کو دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے بہتر کہا ۔ اس بات کا پتہ انسٹیٹیوٹ فار پبلک اوپینین ریسرچ کے سروے سے چلا جس میں پنجاب کے 36اضلاع کے 6ہزار سے زائد شہریوں نے حصہ لیا، یہ سروے 3سے 18فروری 2025 کے درمیان کیا گیا۔ اس سوال پر کہ کیا پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت کے مقابلے میں پنجاب میں حکومتی خدمات اور عوامی سہولیات میں بہتری آئی ہے؟ جواب میں پنجاب سے سروے میں شامل 53فیصد شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کو بزدار حکومت سے بہترقرار دیا۔ 35فیصد نے دونوں میں کوئی فرق نہ ہونے کا بتایا جبکہ 5فیصد نے بزدار حکومت سے بھی خراب کہا،7فیصد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔ جن 53فیصد شہریوں نے عوامی سہولتوں میں بہتری کا کہا، ان سے سوال کیا گیا کہ کس شعبے میں بہتری آئی ہے ؟ جواب میں 22فیصد نے ستھرا پنجاب منصوبے کا بتایا، 14فیصد نے سڑکوں میں بہتری ،12فیصد نے تعلیمی نظام ،11فیصد نے گورننس ، 6فیصد نے انسداد تجاوزات مہم ، 6فیصد نے صحت کے شعبے، 5فیصد نے مہنگائی پر قابو پانا، 4فیصد نے بلاسود قرضوں کی فراہمی ،جبکہ 3فیصد نے صوبے کے انفرااسٹرکچر میں بہتری کی نشاندہی کی ،17فیصد نے دیگر جوابات دیئے جس کے بعد آئی پور نے سروے میں 5فیصد غیر مطمئن شہریوں سے خرابی کی نشاندہی کا سوال کیا۔ جواب میں 28فیصد نے مہنگائی ، 23فیصد نے خراب طرز حکمرانی ، 14فیصد نے بیروزگاری ، 10فیصد نے بڑھتی غربت ،5فیصد نے تعلیمی نظام اور 4 فیصد نے بجلی کے بڑھتے بلوں کو صوبے میں خرابی کا جواز بنایا ۔ سروے میں مزید سوال کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے مقابلے میں کارکردگی کیسی ہے ؟ جواب میں سروے میں شامل 60فیصد شہریوں نے دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے مقابلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کو بہتر کہا جبکہ 16فیصد نیدیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے مقابلے میں کارکردگی کوخراب کہا، 21فیصد نے کوئی فرق نہ ہونے کا بتایا،3فیصد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں