28

مریم نواز کے دور حکومت میں میرٹ کا قتل عام

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے دور اقتدار کے آغاز پر ہی میرٹ کا قتل عام’ سفارشیوں کا راج’اہل افسران کی حق تلفی ‘تفصیلات کے مطابق محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے فیصل آباد سمیت پنجاب کے18بڑے ہسپتالوں میں سفارشی اور من پسند ڈاکٹروں کو MSلگا دیا۔میرٹ پر آنے والے ڈاکٹرز صرف اور صرف سفارش نہ ہونے کی بناء پر کھڈے لائن لگ گئے۔چلڈرن ہسپتال فیصل آباد میں MSکی 20ویں گریڈ کی سیٹ پر 18ویں گریڈ کے ڈاکٹر ثاقب منیر کو MSلگا کر میرٹ کا قتل عام کر دیا گیا۔واضح رہے کہ چلڈرن ہسپتال میں کافی عرصے سے اسی قسم کا کھیل ہی کھیلا جا رہا ہے۔اسی طرح فیصل آباد ٹیچنگ ہسپتال غلام محمد آباد میں موسٹ جونیئر ڈاکٹر آصف شہزاد کو ایم ایس کی سیٹ پر بیٹھا کر میرٹ کو پائوں تلے روند دیا گیا۔یہاں پر یہ امر قابل ذکر ہے کہ 19ویں گریڈ کے ڈاکٹر عامر نوید نے تقریبا 3سال تک بطور ایڈیشنل MSفیصل آباد ٹیچنگ ہسپتال غلام محمد آباد میں بہترین انداز میں فرائض سرانجام دیئے اور اس ہسپتال کو کارکردگی میں پہلے نمبروں پر لے گئے۔اس بنا پر ڈاکٹر عامر نوید ہی مستقل MSکے لئے موزوں ترین تھے مگر سفارشی ڈاکٹر آصف شہزاد نے موسٹ جونیئر ہونے کے باوجود یہ عہدہ حاصل کر لیا۔ جس پر ہسپتال میں مختلف چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں۔ واضح رہے کہ سنیارٹی میں ڈاکٹر عامر نوید کا نمبر423اور ڈاکٹر آصف شہزاد کا سنیارٹی نمبر1262ہے ۔چونکہ ان کے پاس تگڑی سفارش تھی اس لئے وہ یہ اہم عہدہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔فیصل آباد کی سول سوسائٹی نے وزیر اعلیٰ محترمہ مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کا سخت نوٹس لیں اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع کے جن جن ہسپتالوں میں سفارشی ڈاکٹروں کو MSلگایا گیا ہے انہیں تبدیل کروائیں اور ان کی جگہ پر اہل ڈاکٹرز کی تعیناتی کروائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں