فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل انتظامیہ اور مختلف انڈسٹریز سے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے مابین آبی وفضائی آلودگی کا موجب بننے والی صنعتوں کی شہری حدود سے منتقلی کے لئے باقاعدہ مفاہمتی یاداشت پر دستخط کردیئے گئے۔ اس ضمن میں کمشنر آفس میں منعقدہ تقریب میں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور،صدر چیمبر آف کامرس فاروق یوسف شیخ،چیئرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل پرو سیسنگ ملز ایسوسی ایشن با محمد اکرم،سینئر وائس چیئرمین پاکستان ہوزری مینوفیکچرز اینڈایکسپورٹرز ایسوسی ایشن احمد افضل اعوان،فیصل آباد چیمبر آف سمال سٹیٹ اینڈ سمال انڈسٹری کے نمائندہ،چیئرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل اینڈ سائزنگ انڈسڑیز ایسوسی ایشن شکیل احمد انصاری اور چیئرمین کونسل آف پاور لومز آنرزایسوسی ایشن وحید خالق رامے نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضی،ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسڑیز محمد عرفان،ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات عثمان اظہر،ڈائریکٹر لیبر رائے یاسین اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر فیصل آباد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلہ میں آبی وفضائی آلودگی کا موجب بننے والی 111،انڈسٹری کی صنعتی زونز میں منتقلی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہر کے ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے کا مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں اور آج فیصل آباد کی تاریخ کا یادگار دن ہے۔ کمشنر نے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی سربراہی میں قائم انڈسٹریل ری لوکیشن سب کمیٹی کی ورکنگ کو سراہا اور کہا کہ صنعتکاروں وتاجروں نے ڈویژنل انتظامیہ کی تحریک پر انڈسٹری کی منتقلی میں رضامندی کا اظہار کیا جس پر ان کے مشکور ہیں۔کمشنر نے کہا کہ انڈسٹریل زونز کے لئے اراضی،ڈویلپمنٹ چارجز کے لئے فنڈز، شفٹنگ پر ٹیکس بریک،آسان قرضہ جات ودیگر اقدامات میں بھی تیزی لائی جائے گی اورحکومت پاکستان اور حکومت پنجاب کو ایم او یو سمیت چارٹر آف ڈیمانڈ جلد بھجوا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے انڈسٹریز ری لوکیشن کے سلسلے میں بھرپور معاونت اور صنعتی زونز کے قیام کے لئے آمادگی کا اظہار کیا ہے۔صدر چیمبر آف کامرس ودیگر سٹیک ہولڈرز نے ڈویژنل انتظامیہ کی قیادت میں شہری حدود سے آبی وفضائی آلودگی کا باعث بننے والی صنعتوں کی منتقلی کا کام پایہ تکمیل تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ کمشنر فیصل آباد کا یہ فیصلہ موجودہ اور آنے والی نسلوں کو صاف ستھرا،آلودگی سے پاک ماحول فراہم کرے گا۔ڈی جی ایف ڈی اے نے بتایا کہ کمشنر کی ہدایات پر انڈسٹریز ری لوکیشن کے حوالے سے کمیٹی کی تسلسل سے میٹنگز ثمرآور ثابت ہوئیں جس میں تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور تجاویز کو مقدم رکھا گیا۔



