مریم نواز کے ویژن کے مطابق نگہبان رمضان بازاروں میں معیاری اشیاء سستے داموں دستیاب ہیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق نگہبان رمضان بازاروں میں معیاری اشیا سستے داموں دستیاب ہیں جہاں صارفین کی بڑی تعداد خریدار ی کررہی ہیں۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے نگہبان رمضان بازار جھنگ روڈ کا دورہ کیا اور پھلوں وسبزیوں کے سٹالز پر معیار اور قیمتوں کو چیک کیا۔انہوں نے نرخناموں کی موجودگی کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ مقررہ نرخوں کے مطابق ہی اشیا فروخت کی جائیں۔انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو عام مارکیٹوں میں سرگرم رہنے اور ذخیرہ اندوزوں،گرانفروشوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی بھی تاکید کی۔انہوں نے بازار میں موجود صارفین سے ملاقات کرکے عام مارکیٹ کی نسبت قیمتوں کے بارے میں دریافت بھی کیا۔دریں اثنا کمشنر نے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن کے مستحق خاندانوں میں ”رمضان نگہبان کارڈز ”کی تقسیم کا عمل جاری ہے اوراب تک ایک لاکھ56 ہزار587 خاندانوں میں کارڈ کے ذریعے10/10 ہزار روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع فیصل آبادمیں 71121،ضلع جھنگ میں 40067،ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 22 ہزار100 اورضلع چنیوٹ میں اب تک 23 ہزار299مستحق خاندانوں کو رمضان نگہبان کارڈز ان کی دہلیز تک پہنچائے جاچکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں