مزید بارش اور برفباری کا امکان

اسلام آباد (بیوروچیف) محکمہ موسمیات نے 25سے 27جنوری کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں بارش، گرج چمک، ژالہ باری اور بالائی علاقوں میں شدید برفباری کی پیشگوئی کر دی ہے جبکہ سردی کی شدت میں مزید اضافے کے باعث آزاد کشمیر اور شمالی علاقوں میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 26 اور 27 جنوری کو لاہور میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس سے سردی کی شدت بڑھے گی تاہم دھند اور فضائی آلودگی میں کمی آنے کا امکان ہے۔ لاہور میں موجودہ درجہ حرارت 3 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 12 ڈگری تک جا سکتا ہے۔ شہر میں ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 83 سے 91 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔کراچی میں یخ بستہ ہوائیں چل رہی ہیں اور درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی یہ لہر جنوری کے آخر تک برقرار رہے گی، تاہم شہر کا فضائی معیار بہتر ہے۔اسلام آباد میں بھی سردی کی شدید لہر برقرار ہے، رات کے وقت درجہ حرارت 3 ڈگری تک گر گیا جبکہ 26 جنوری کو بارش کا امکان ہے۔ شہر میں دن بھر ٹھنڈی اور تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سردی اور جزوی ابر آلود موسم کا امکان ہے۔ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5، قلات میں منفی 7، زیارت میں منفی 8 اور ژوب میں منفی 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ادھر مانسہرہ اور وادی کاغان میں بارش اور برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہے، تاہم پہاڑوں پر کئی فٹ برف پڑنے کے باعث شاہراہیں تاحال بند ہیں اور وادی کاغان میں سیاحوں کا داخلہ روک دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق مرکزی شاہراہیں دوپہر تک کھول دی جائیں گی اور سیاحوں کو سڑکوں کی مکمل بحالی تک سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں شدید برفباری کے باعث عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والے سیکڑوں افراد پھنس گئے تھے، جنہیں پاک فوج، ریسکیو ٹیموں اور ضلعی انتظامیہ نے ریسکیو کرتے ہوئے 100 سے زائد گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں میں اگلے دو دن مزید برفباری کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان میں برفانی تودے گرنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ سردی کی اس نئی لہر کے باعث ملک کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت مزید کم ہونے کی توقع ہے۔دوسری جانب شدید سردی اور برفباری کے باعث آزاد کشمیر اور شمالی علاقوں میں تعلیمی ادارے دو دن کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق اسکول پیر 26 جنوری کو دوبارہ کھلیں گے۔ آزاد کشمیر کے ہٹیان بالا، چوناری، چکوٹھی، لیپا ویلی، گنگا چوٹی، ارنگ کیل اور سرگان ویلی سمیت بلند پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے، جبکہ نچلے علاقوں میں بارش ہو رہی ہے۔ شمالی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث نظامِ زندگی متاثر، متعدد سڑکیں بند اور کئی علاقے الگ تھلگ ہو گئے ہیں، جبکہ مختلف حادثات میں دو افراد کے جاں بحق ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں