مزید20ممالک کے شہریوں پر امریکہ میں داخلے پر پابندی

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید 20ممالک کے شہریوں پر سفری پابندیاں لگادیں، نئی پالیسی کا اطلاق یکم جنوری سے کیا جائیگا۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ شام، جنوبی سوڈان، نائجر، مالی اور برکینا فاسو اور ایسے شہریوں کے امریکا سفر پر مکمل پابندی عائد کی جارہی ہے جن کی سفری دستاویز فلسطینی اتھارٹی جاری کرتی ہے۔ نئی پالیسی کی زد میں ان ممالک کے طلبہ، امریکی شہریوں کے اہل خانہ اور افغان اسپیشل امیگرینٹ ویزا کے حامل افراد بھی آئیں گے۔جن ممالک کے شہریوں پر جزوی پابندیاں لگائی گئی ہیں ان میں انگولا، انٹیگوا، باربوڈا، بنین، آئیوری کوسٹ، ڈومینیکا، گبون، گیمبیا، ملاوی، موریطانیہ، نائجیر، سینیگال، تنزانیہ، ٹونگا، زیمبیا اور زمبابوے شامل ہیں۔صدرٹرمپ نے پہلے افغانستان سمیت 12 ممالک کے شہریوں پر جون میں پابندی لگائی تھی اور وائٹ ہائوس کے باہر افغان شہری کی فائرنگ سے دو نیشنل گارڈز کی موت کے بعد تیسری دنیا کے تمام ممالک سے لوگوں کی نقل مکانی روکنے کا بیان دیا تھا۔صدر ٹرمپ کے تازہ اقدام سے سفری پابندیوں کا شکار ممالک کی تعداد بڑھ کر 35ہوگئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ٹرمپ انتظامیہ مزید 15ممالک کے شہریوں پر پابندی لگارہی ہے جن میں زیادہ تر کا تعلق افریقا کے ممالک سے ہے۔ترجمان وائٹ ہائوس کے مطابق امریکا ایسے تمام غیر ملکیوں کو روکنا چاہتا ہے جو اسے غیر محفوظ اور غیر مستحکم بناسکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں