23

مسافر وین میں گیس سلنڈر پھٹ گیا ، 7زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چوکی طارق آباد کے عین سامنے کوہستان اڈا کے قریب غیر قانونی ری فلنگ اسٹیشن سے گیس بھرواتے ہوئے مسافر ویگن میں آگ لگنے سے باپ بیٹی’ دو کم سن بہن بھائیوں سمیت 7مسافر بری طرح زخمی ہو گئے، ریسکیو1122 کی ٹیموں نے بروقت موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا کر زخمی مسافروں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ شب چوکی طارق آباد کے عین سامنے گیس فلنگ کے غیر قانونی اسٹیشن سے ہائی ایس ویگن ایل پی جی گیس سلنڈر بھروا رہی تھی کہ اچانک زور دار دھماکے سے ہائی ایس ویگن میں نصب گیس سلنڈر پھٹنے سے مسافر ویگن میں آگ بھڑک اٹھی تو ویگن میں سوار مسافروں نے چھلانگیں لگا دی، آگ کی لپیٹ میں آ کر چنیوٹ کا رہائشی 32سالہ اصغر علی ولد رحمت علی اسکی 4سالہ بیٹی زینب’ سرگودھا روڈ باوا چک کے رہائشی عمران کی 10سالہ بیٹی رابعہ’ 8سالہ بیٹا اسد اور اسکی عزیزہ 4سالہ کنزہ دختر رشید اور چنیوٹ کی رہائشی 60سالہ پروین بی بی زوجہ محمد بوٹا اور 28سالہ ساجدہ زوجہ انور بری طرح جھلس گئے، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر مسافر ویگن کو لگی آگ پر قابو پا کر زخمی ہونیوالے مسافروں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں ان کی حالت قدرے بہتر بتائی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں ملک کے تیسرے بڑے شہرفیصل آباد میں گیس ری فلنگ کا غیرقانونی دھندہ زورو شور سے جاری ہے ضلعی پولیس محکمہ سول ڈیفنس اور دیگر قانون نافذکرنے والے اداروں نے مبینہ طور پر نذرانے لیکرگیس ری فلنگ کا دھندہ کرنے والوں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے گیس ری فلنگ کے دوران سلنڈر دھماکوں سے آئے روز حادثات میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔تفصیل کے مطابق فیصل آباد شہر میں جگہ جگہ گیس ری فلنگ کا دھندہ عروج پر پہنچ چکا ہے گیس کی ری فلنگ کے دوران گیس سلنڈر پھٹنے ،آگ لگنے کے واقعات میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے جبکہ مین شاہراہوں،گلی،محلوں،گنجان آبادی والے علاقوں میں جگہ جگہ غیرقانونی گیس ری فلنگ کرنے والوں نے ڈھیرے جما رکھے ہیں ان کوکوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔حادثات کے دوران کئی قیمتی جانیں ضائع اوربعض شہری بری طرح جھلس کر معذوری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جبکہ ضلعی پولیس اورسول ڈیفنس اوردیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے گیس ری فلنگ کے غیرقانونی دھندہ کورکوانے میں ناکام نظرآتے ہیں بالخصوص سول ڈیفنس اورضلعی پولیس مبینہ طورپرگیس ری فلنگ کرنے والوں سے ماہانہ نذرانے وصول کرکے خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں۔ شہریوں کی زندگیوں کودائوپرلگا رکھا ہے جبکہ کسی مقام پر گیس سلنڈر دھماکے کے بعد کاغذی کارروائیاں کرتے ہوئے ایک دودکانداروں کے چالان کرکے پھرپراسرارخاموشی اختیارکر لی جاتی ہے۔شہری حلقوں نے آرپی اوفیصل آباد ڈاکٹرعابد خان،کمشنرفیصل آباد سلوت سعید،ڈپٹی کمشنرعبداللہ نیئرشیخ،سی پی اوکامران عادل اورارباب اختیارسے مطالبہ کیا ہے کہ گیس ری فلنگ کا دھندہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کرکے غیرقانونی دھندہ کوبند کروایا جائے اوراس دھندہ میں ملوث افراد کوقرارواقعہ سزا دی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں