مستحق خاندانوں میں10ملین روپے بلاسود قرضے تقسیم

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) اخوت فائونڈیشن کے زیر اہتمام بلاسود قرضوں کی تقسیم کی ایک خصوصی تقریب جامع مسجد انہار میں منعقد کی گئی ۔ اس تقریب میں مستحق خاندانوں میں مجموعی طور پر 10 ملین روپے کے بلاسود قرضے تقسیم کیے گئے، جس سے تقریبا 200 خاندانوں کو فائدہ پہنچایا گیا، تقریب اخوت قرض حسنہ پروگرام کے تحت منعقد کی گئی، جس کا مقصد مستحق افراد کو بلاسود مالی معاونت فراہم کر کے انہیں خود کفیل بنانا اور معاشی سرگرمیوں میں شامل کرنا ہے’ تقریب کے مہمان خصوصی آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیراتھے’ دیگر مہمانوں میں سابق ممبر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نجمہ افضل، چوہدری اسلم جاوید، حاجی محمد عابد، ڈاکٹر خالد محمود شوق، رانا محمد خاں بھٹی، رانا منیر احمد خاں، وحید خالق رامے، صائم احسان ، چوہدری شفیق گجر، چوہدری طلعت محمود، ریجنل مینجر اخوت خالد محمود شامل تھے’ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ اللہ کے راستے میں سخاوت کرنے والا کبھی غریب نہیں ہو سکتا’ یہ ممکن ہی نہیں کہ ہم اللہ کی مخلوق کیلئے آسانیاں پیدا کریں اور اللہ تعالیٰ ہمیں دوست نہ بنائے’ غریب اورمستحق لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے کیلئے اپنی خوشیاں قربان کریں گے تو دنیا اور آخرت میں فلاح پا جائیں گے’ ڈاکٹر امجد ثاقب نے جو شمع روشن کی ہے وہ پوری آب و تاب کے ساتھ چمک رہی ہے اور لوگ اس سے فیضیاب ہو رہے ہیں’ بلاسود قرضوں کی فراہمی بڑا نیک عمل ہے جس پرمیں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں’ ڈاکٹرامجد ثاقب نے اخوت کے نام سے جو شمع روشن کی تھی وہ پوری آب و تاب سے پورے پاکستان میں روشنی پھیلا رہی ہے’ جو پودا انہوں نے لگایا تھا وہ تناآور درخت بن کر اللہ کے بندوں کیلئے چھائوں دے رہا ہے’ اخوت قرض حسنہ کا سب سے بڑا ادارہ بن گیا ہے’ ہزاروں خاندانوں اور افراد کو بلند شرح سود کا بوجھ ڈالے بغیر مالی امداد فراہم کرنا یقینا بڑا کام ہے’ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی عطا سے چند سکے اللہ کے بندوں پر خرچ کریں پھر دیکھیں آپ کے دل کو کتنا سکون اور راحت میسر آتی ہے’ انہوں نے قرض حسنہ لینے والوں سے کہا کہ آپ نے جو رقم لی ہے اس سے ایسا کاروبار شروع کریں جس سے آپ اپنی فیملی کیلئے آسانیاں پیدا کر سکیں’ انہوں نے امید کا اظہار کیا آج جو رقم آپ قرض حسنہ کیلئے لے رہے ہیں وہ آپ پوری ایمانداری سے واپس کریں گے تاکہ اخوت فائونڈیشن اور زیادہ مستحق لوگوں تک یہ رقم پہنچا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں