مستحق فنکاروں کیلئے50کروڑ کا خصوصی فنڈ قائم

لاہور(بیوروچیف)پنجاب حکومت نے مستحق فنکاروں کے لیے ایک 50کروڑ روپے کا خصوصی فنڈ قائم کر کے فنکاروں کو مالی تحفظ فراہم کرنے کا بڑا اقدام کیا ہے۔ یہ پروگرام پنجاب آرٹسٹ خدمت کارڈ کے ذریعے فنکارو ں کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے مرتب کیا گیا ہے۔ اہل فنکاروں کو ماہانہ 5,000روپے وظیفہ فراہم کیا جائے گا۔ابتدائی مرحلے میں 63 مستحق فنکاروں کو فی کس 15,000روپے ادا کیے گئے ہیں،وظیفہ کی ادائیگی بینک آف پنجاب کے ذریعے ہوگی۔ پروگرام کے لیے سال کے آغاز میں درخواستیں طلب کی گئیں، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 2,702درخواستیں موصول ہوئیں۔قواعد و ضوابط کے مطابق سکروٹنی کے بعد 1,831فنکار اہل قرار پائے۔اہل فنکاروں کا ڈیٹا پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کو بھجوا دیا گیا اور فنڈز جاری کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔ مستحق فنکاروں کے لیے تعلیمی گرانٹ3لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔میڈیکل گرانٹ 2لاکھ روپے اور دیگر امداد 1لاکھ روپے ہے۔ 80 سال سے زائد عمر کے فنکاروں کے لیے ماہانہ 10سے 15ہزار روپے پنشن دینے کی تجویز زیر غور ہے۔ 54سال سے زائد عمر کے فنکاروں کیلئے ریلیف سکیم متعارف کروانے کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں