مسجد نبویۖ کے موذن سپردخاک

مدینہ شریف (مانیٹرنگ ڈیسک) مسجدِ نبویۖ کے موذن شیخ فیصل بن عبد المالک نعمان کے انتقال کے بعد ان کی آخری اذان کی ویڈیووائرل ہوگئی۔شیخ فیصل بن عبد المالک نعمان گزشتہ25 سال سے مسجد نبویۖ میں خدمات انجام دے رہے تھے,ان کی نمازِ جنازہ منگل کی صبح نمازِ فجر کے بعد مسجدِ نبوی میں ادا کی گئی، جس کے بعد انہیں جنت البقیع میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔مسجدِ حرام اور مسجدِ نبویۖ کے امورِ دینیہ کی صدارت کے سربراہ شیخ عبدالرحمن السدیس نے مسجدِ حرام اور مسجدِ نبویۖ کے آئمہ، موذنین، اساتذہ اور امورِ دینیہ کے تمام عملے کی جانب سے مرحوم کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔شیخ فیصل بن عبد المالک نعمان کو سال 2001میں مسجد نبوی کا موذن مقرر کیا گیا تھا، مسجد انتظامیہ کی جانب سے موذن کی آخری اذان کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے جووائرل ہوچکی ہے۔شیخ فیصل نعمان مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے، اپنی ابتدائی تعلیم مدینہ ہی میں مکمل کرنے کے بعد طیبہ یونیورسٹی سے اعلی تعلیم حاصل کی،وہ ایک ایسے خاندان سے تعلق رکھتے تھے جو نسل در نسل مسجدِ نبوی میں اذان دینے کی سعادت سے وابستہ ہے،ان کے دادا اور والد دونوں اس عظیم منصب پر فائز رہے، ان کے والد شیخ عبد المالک نعمان نے صرف 14 برس کی عمر میں مسجدِ نبویۖ میں اذان دینا شروع کی اور 90برس سے زائد عمر تک یہ مقدس فریضہ انجام دیتے رہے۔ شیخ فیصل نعمان اپنے والد کے انتقال کے بعد اس منصب پر فائز ہوئے ،انہیں سال 1422ہجری (2001)میں مسجدِ نبویۖ کا موذن مقرر کیا گیا تھا اس طرح انہوں نے تقریباً 25برس تک اس عظیم ذمہ داری کو خوش اسلوبی سے نبھایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں