مشتعل افراد نے گولیاں مار کر مخالف کو قتل کردیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پرانی رنجش کی بناء پر مشتعل افراد کی فائرنگ سے مخالف قتل’ دو افراد بری طرح زخمی ہو گئے’ حملہ آور ہوائی فائرنگ اور دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے، لواحقین کا نعش سڑک پر رکھ کر احتجاج’ قاتلوں کو فوری گرفتاری کا حکم’ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ رضاآباد کے علاقہ 219 رب تلیانوالہ میں محمد سجاد اور رفیق کی پرانی عداوت بازی چلی آ رہی تھی، گزشتہ روز دونوں میں کسی بات پر جھگڑا ہو گیا تو ملزمان رفیق اور عقیل نے طیش میں آ کر سجاد اور اس کے ساتھیوں پر فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے سجاد ولد اسماعیل’ 20سالہ علی حسن ولد حنیف اور 23سالہ احمد بری طرح زخمی ہو گئے تو ملزمان ہوائی فائرنگ اور دھمکیاں دیتے ہوئے بھاگ گئے جبکہ مضروبان کو سنبھالا تو سجاد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کو ہسپتال پہنچا دیا گیا جبکہ مقتول کے لواحقین نے گزشتہ شب نعش جواد کلب چوک میں رکھ کر احتجاج کیا تو پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کرکے اور قاتلوں کی گرفتاری کی یقین دہانی کروائی اور نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں