مصدق ملک سے جرمنی کی سفیر اِنا لیپل کی ملاقات

اسلام آباد (بیورو چیف)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک سے جرمنی کی سفیر اِنا لیپل نے ملاقات کی ہے۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی کے اعلامیہ کے مطابق جمعہ کو یہاں ہونے والی لاقات کے دوران جرمن سفیر نے موسمیاتی اقدامات کے فروغ اور صوبوں کے ساتھ موثر ہم آہنگی پر وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے جرمنی اور وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کے مابین جاری تعاون سے متعلق آگاہ کیا، اور بالخصوص جرمن ترقیاتی ادارے جی آئی زیڈ (GIZ) کے ذریعے جاری مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ ان شعبوں میں موسمیاتی موافقت اور لچک، اخراج میں کمی کی حکمتِ عملی، استعداد کار میں اضافہ، گرین اقدامات اور پائلٹ منصوبوں کی تیاری شامل ہیں، جن کا مقصد پاکستان کے موسمیاتی ردِعمل کے نظام کو مضبوط بنانا ہے۔جرمنی کی سفیر نے وفاقی وزیر کو وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ زیرِ غور ایک مجوزہ منصوبے CISTA کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ یہ منصوبہ جرمنی کی وفاقی وزارتِ ماحولیات کی جانب سے کمیشن کیا گیا ہے، جس کا مقصد مربوط موسمیاتی خدمات کے قیام اور ڈیٹا مینجمنٹ کے نظام کو مستحکم بنانا ہے تاکہ شواہد پر مبنی پالیسی سازی کو فروغ دیا جا سکے۔ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے پاکستان کے موسمیاتی ایجنڈے میں جرمنی کے مسلسل تعاون اور شراکت داری کو سراہا۔ انہوں نے CISTA منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس کی موثر تکمیل کے لیے ڈیٹا کے انضمام اور معلومات کے تبادلے پر مبنی مشترکہ ورکشاپ کے انعقاد کی تجویز پیش کی۔ملاقات میں دوطرفہ تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں مشترکہ تحقیقی پروگرامز کا آغاز، طلبہ و اساتذہ کے تبادلہ اور ڈیٹا شیئرنگ و ادارہ جاتی اشتراک کو مضبوط بنانے کے اقدامات شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں