معاشرے میں بھائی چارے اور اتحاد کے فروغ میں دینی طبقات کا کردار کلیدی ہے

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیر اہتمام اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب کا اہم اجلاس چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و مذہبی ہم آہنگی خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما، خطبا اور ذاکرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے ایک متفقہ اعلامیہ منظور کیا گیا، جس پر تمام شرکا نے دستخط کیے۔ اعلامیہ میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کسی بھی مسلک کے مقدسات کی توہین سے مکمل اجتناب کیا جائے گا، مجالس و جلوس کے اوقات، روایتی راستوں اور ضوابط کی مکمل پاسداری کی جائے گی، اور لاوڈ اسپیکر کے استعمال سمیت دیگر مذہبی سرگرمیوں میں حکومتی ہدایات کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر تفرقہ انگیز اور اشتعال انگیز مواد کی اشاعت سے گریز کیا جائے گا اور امن دشمن عناصر کی نشاندہی کی صورت میں فوری طور پر انتظامیہ سے رابطہ کیا جائے گا۔ خواجہ سلمان رفیق نے اپنے خطاب میں علما کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں برداشت، بھائی چارے اور اتحاد کے فروغ میں دینی طبقات کا کردار کلیدی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے پرامن اور باوقار انعقاد کے لیے ضلعی و تحصیل سطح پر قائم امن کمیٹیوں کو فعال کردار ادا کرنا ہو گا۔ اجلاس کے اختتام پر تمام شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے خطبات و بیانات میں اتحاد بین المسلمین اور رواداری کا پیغام عام کریں گے تاکہ معاشرے میں باہمی اعتماد، احترام اور امن کو فروغ دیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں