معاشی شرح نمو کا ہدف حاصل نہ ہونے کا خدشہ

اسلام آباد(بیوروچیف) ایشیائی ترقیاتی بینک(اے ڈی بی) نے رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو کا ہدف حاصل نہ ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے تخمینہ لگایا ہے کہ رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 2.5فیصد رہنے کا امکان ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک نے ڈویلپمنٹ آوٹ لک رپورٹ جاری کردی جس میں رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو کا ہدف حاصل نہ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 2.5فیصد رہنے کا امکان ہے، اس سے پہلے ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کی معاشی شرح نمو کا تخمینہ 3 فیصد لگایا تھا جبکہ وفاقی حکومت نے معاشی شرح نمو کا ہدف 3.6فیصد مقرر کر رکھا ہے۔رپورٹ کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے رواں مالی سال پاکستان میں مہنگائی کا تخمینہ مزید کم کر دیا، رواں مالی سال پاکستان کی اوسط مہنگائی 6فیصد رہنے کا امکان ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل اے ڈی بی نے پاکستان کی مہنگائی کا تخمینہ 10فیصد لگایا تھا جبکہ وفاقی حکومت نے رواں مالی سال مہنگائی کا ہدف 12فیصد مقرر کر رکھا ہے۔اے ڈی بی کی رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال پاکستان میں اوسط مہنگائی مزید کم ہو کر 5.8فیصد رہنے کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں