معاشی مفادات حاصل کرنے کیلئے حکومت کو نجی شعبہ سے ملکر طویل المدتی پالیسیاں طے کرنا ہونگی،صدرFCCIفاروق یوسف

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)قیام امن کیلئے پاکستان کی کامیاب خارجہ حکمت عملی اور کوششوں سے زیادہ سے زیادہ معاشی مفادات حاصل کرنے کیلئے حکومت کو نجی شعبہ سے مل کر طویل المدتی اور پائیدار پالیسیاں طے کرنا ہوں گی۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کراچی میں بجٹ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی جس میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگز یب کے علاوہ ملک بھر کے چیمبرز کے نمائندوں ، بڑی تنظیموں اور ممتاز کاروباری افراد سمیت وزارت خزانہ، ایف بی آر اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ فاروق یوسف شیخ نے ایران ۔ امریکہ جنگ کو روکنے کیلئے کی جانے والی کامیاب کاوشوں کا ذکر کیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں وزیر اعظم شہبازشریف ، نائب وزیر اعظم اسحا ق ڈار اور فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر سمیت پوری کابینہ اور حکومتی مشینری قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اِس جنگ کے مستقل خاتمہ سے عالمی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور ہمیں اُن سے فائدہ اٹھانے کیلئے آئندہ بجٹ میں ایسے اقدامات اٹھانے ہوں گے جن سے عوام کو ریلیف ملے اور صنعت و تجارت کی پائیدار بنیادوں پر ترقی کیلئے راہوں کو کھولا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں ٹیکسوں کو ریونیو جنریشن کا ذریعہ بنا لیا گیا ہے حالانکہ ٹیکس ہمیشہ معاشی سرگرمیوں میں اضافہ سے منسلک ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طریقہ کار کو تبدیل کرنے کیلئے جراتمندانہ اور عملی اقدامات کی ضرورت ہو گی جس میں ٹیکس نیٹ میں توسیع سر فہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ جنگ روکنے کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر بہت پذیرائی ملی ہے۔ اب ہمیں بیرون ملک سے زیادہ سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کیلئے جامع اور قابل عمل حکمت عملی وضع کرنا ہوگی۔ انہوں نے حکومتی اخراجات میں کمی کے فیصلوں کو سراہا تاہم کہا کہ اِن میں مزید کمی کی جائے۔ فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ ٹیکس وصولی اور ٹیکس میں اضافہ کی پالیسیوں کو الگ الگ کرنے کے اقدامات مثبت سمت کی طرف پیشرفت ہیں۔ اور اس سے بھی سرکاری محاصل کی وصولیوں میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد بجٹ تجاویز کی تیاری کیلئے بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ حکومت بزنس کمیونٹی کی تجویز کے مطابق بجٹ بنائے گی تاکہ حکومت اور بزنس کمیونٹی میں اعتماد پیدا ہوا اور پائیدار معیشت کی بنیاد رکھی جا سکے۔ انہوںنے پاکستان میں امیر اور غریب کے درمیان بڑھتے ہوئے فرق کو کم کرنے کیلئے بلواسطہ ٹیکسوں کی بجائے براہ راست ٹیکسوں کی شرح بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا۔ فاروق یوسف شیخ نے معیشت کی بحالی کیلئے وزیر خزانہ کی کوششوں کو سراہا اور انہیں فیصل آباد چیمبر کے زیر اہتمام 8-9-10مئی کو لاہور میں ہونے والی” میڈ اِن فیصل آباد” ایکسپو میں شرکت کی دعوت دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں