معرکہ حق کے دوران11جوان’40شہری شہید ہوئے

راولپنڈی (بیوروچیف) معرکہ حق کے دوران شہدا اور زخمیوں کی تفصیلات جاری کردی گئیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق معرکہ حق کے دوران وطن کا تحفظ کرتے ہوئے 11جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ عام شہریوں پر جارحیت کا جواب دیتے ہوئے 78اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق مادر وطن پر قربان ہونے والوں میں آرمی کے 6اور فضائیہ کے 5 اہلکار شامل ہیں، شہید ہونے والے میں نائیک عبدالرحمان اور نائیک وقار خالد شامل ہیں۔ لانس نائیک دلاور خان، اکرام اللہ، سپاہی عدیل اکبر اور نثار بھی وطن پر قربان ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف، چیف ٹیکنیشین اورنگزیب بھی معرکہ حق کے دوران شہید ہوگئے۔ سینئر ٹیکنیشین نجیب، سینئر ٹیکنیشن مبشر اور کارپورل ٹیکنیشین فاروق بھی شہدا میں شامل ہیں۔ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی فوج نے 6اور 7مئی کو بلااشتعال حملے شروع کئے، بھارتی حملوں میں 40عام شہری شہید ہوئے، جن میں 7خواتین اور 15بچے شامل تھے۔ بھارتی حملوں سے 27بچوں اور 10خواتین سمیت 121 شہری زخمی ہوئے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہدا قوم کا فخر ہیں، قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، قوم جارحیت کے سامنے پرعزم ہے، اس میں کوئی ابہام نہیں رہنا چاہیے۔ پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، آئندہ کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں