معلم مسجد الحرام کی گورنر پنجاب سے ملاقات

لاہور(بیورو چیف)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے قاری عبدالمنان ناصر معلم مسجد الحرام مکہ مکرمہ نے پنجاب ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں قاری عبدالمنان ناصر نے اپنی طرف سے غلاف کعبہ کا انمول تحفہ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کو پیش کیا۔ملاقات کے دوران قاری عبدالمنان ناصر نے پاکستان میں خادم الحرمین کے ذریعے قرآن کی تعلیم عام کا اعادہ کیا تاکہ آپ ۖ کا ہر امتی قرآن مجید پڑھنا سیکھ جائے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان میں آپ کی آمد ہمارے لئے باعث فخر اور سعادت کی بات ہے۔اُنہوں نے کہا کہ قرآن مجید فرقان حمید تمام مسلمانوں کے لئے سرچشمہ ہدایت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ قرآن مجید پر عمل پیرا ہوکر ہم دنیا و آخرت میں سرخرو ہوسکتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ دین اسلام ہمیں امن، سلامتی، بھلائی اور باہمی محبت کا درس دیتا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ مسلم امہ کو اسلام کے صحیح تشخص کو اجاگرکرنے اور دینی اہمیت کو فروغ دینے کے لئے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کا دفاع پاکستان کے لئے بڑی سعادت اور فخر کی بات ہے ۔ گورنرپنجاب نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کلیدی کردار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں