فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)رضاآباد کے علاقہ کوکیانوالہ روڈ پر واقع چراغ ٹائون میں سردی سے بچنے کیلئے لگائی جانے والی آگ کی لپیٹ میں آکر70سالہ شخص زندہ جل گیا ریسکیو 1122نے موقع پر پہنچ کر آگ پرقابو پاکر نعش ورثہ کے حوالے کردی۔بتایا جاتا ہے کہ کوکیانوالہ روڈ پرواقع چراغ ٹائون گلی نمبر4کے رہائشی 70سالہ نذیراحمد ولد محمد طفیل نے سردی سے بچنے کیلئے کمرہ میں جرابوں کوآگ لگا کر سوگیا توآگ زیادہ ہونے کی وجہ سے کمرہ میں پھیل گئی اورکمرہ میں پڑے ہوئے سامان کوبھی اپنی لپیٹ میں لے لیا آگ اتنی شدید تھی کہ کمرہ کی چھت زمین بوس ہوگئی اورکمرہ میں سویا ہوا 70سالہ نذیراحمد ولد محمد طفیل آگ کی لپیٹ میں آکر زندہ جل گیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر کافی جدوجہد کے بعد آگ پرقابو پالیا اورجاں بحق ہونے والے سترسالہ شخص کی نعش کو ملبے سے نکال کر ورثاء کے حوالے کردیا۔ علاوہ ازیں اتھرے ڈاکوئوں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر3افراد کو گولیاں مار کر لہولہان کر دیا، 236 رب کجلے کا رہائشی 55سالہ اصغر علی ولد رکن علی کو روشن والا بائی پاس کے قریب مسلح ڈاکوئوں نے موٹرسائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر گولی مار کر لہولہان کر دیا۔ جھنگ بازار کے علاقہ لکڑمنڈی موڑ پر طاہر رفیق کی فارمیسی پر آنے والے اتھرے ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر 15ہزار روپے چھین لئے اور مزاحمت کرنے پر گولی مار کر بری طرح زخمی کر دیا۔ علاوہ ازیں ماموں کانجن کے علاقہ 490 گ ب کے رہائشی ارشد نے بتایا کہ اس کا ڈرائیور زاہد علی دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مزدا پر جا رہا تھا کہ ڈاکوئوں نے روک لیا، محنت کشوں سے ایک لاکھ سے زائد نقدی اور موبائل فون چھین کر مزاحمت پر ڈرائیور زاہد کو گولی مار کر لہولہان کر دیا۔
59