معمولی تلخ کلامی پر2گروپوں میں تصادم،ایک نوجوان جاں بحق،2افراد زخمی

کمالیہ(نامہ نگار)محلہ فاضل دیوان کمالیہ میں معمولی تلخ کلامی پر دو گروپوں کے درمیان ہونیوالے تصادم کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے ۔ذرائع کے مطابق جھگڑا گجر گروپ اور ڈوگر گروپ کے درمیان ہوا جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گیا۔ تصادم کے دوران عثمان گجر اور عمیر گجر نے خنجر کے وار کر کے امجد ڈوگر کو شدید زخمی کر دیا، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعے میں مجاہد ڈوگر اور بلال ڈوگر بھی زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے گئے ۔ پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث ملزمان موقع سے فرار ہو گئے ہیں جن کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ملوث ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں