معمولی جھگڑے پر مشتعل افراد کی فائرنگ سے ہوٹل ملازم قتل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ ناولٹی پل کے قریب معمولی جھگڑے پر مشتعل افراد نے فائرنگ کر کے ہوٹل ملازم کو موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سمندری روڈ ناولٹی پل کے قریب واقع پہلوان ہوٹل پر کام کرنے والے محمد ارشد عرف عبدالمجید سکنہ 224 رب آبادی وزیر خان والی کا عزیر وغیرہ کیساتھ معمولی جھگڑا ہوا تھا، تاہم گزشتہ شب ملزمان عزیر’ عبداﷲ وغیرہ نے نثار کالونی کے رہائشی علی نامی لڑکے کے ذریعے ارشد کو ناولٹی پل کے قریب واقع کشمیر سپیئر پارٹس کی دکان کے باہر بلایا جب وہ وہاں پہنچا تو جہاں پر ان کے دیگر ساتھی بھی موجود تھے اور ان کا آپس میں جھگڑا ہو گیا تو عزیر نے فائرنگ کر دی تو گولیاں ارشد کے جسم میں پیوست ہو گئیں اور وہ بری طرح زخمی ہو کر گر پڑا تھا تو ملزمان ہوائی فائرنگ اور دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق فیکٹری ایریا پولیس نے دو قاتلوں عزیر اور عبداﷲ کو گرفتار کر کے ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں