معمولی جھگڑے پر نوجوان قتل،اغواء ہونیوالے شہری کی نعش برآمد

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) معمولی جھگڑے پر مشتعل نوجوان نے سر میں سوٹا مار کر نوجوان کو قتل کر دیا جبکہ دو روز قبل اغواء ہونیوالے شہری کی نہر سے نعش برآمد ہو گئی، پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق چک جھمرہ کے علاقہ 187 رب میں پٹرول پمپ پر کام کرنے والے مزمل کا اپنے ساتھی ملزم تنویر کیساتھ کسی بات پر جھگڑا ہو گیا تو ملزم تنویر نے طیش میں آکر مزمل کے سر میں سوٹا مار کر بری طرح زخمی کر دیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ جبکہ منصورآباد کا رہائشی پان شاپ پر کام کرنے والے حمزہ دو روز قبل دکان سے گھر جاتے ہوئے لاپتہ ہو گیا تھا۔ اہل خانہ نے حمزہ کے اغواء کا مقدمہ تھانہ مدینہ ٹائون میں درج کروایا۔ گزشتہ شام تھانہ روشن والا کے علاقہ راجباہ کے قریب حمزہ کی نعش مل گئی جسے نامعلوم افراد نے قتل کر کے نعش پھینک دی تھی۔ تاہم پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں