19

معیشت کوپٹڑی پر لانا سب سے بڑا چیلنج ہے ، وزیراعظم

اسلام آباد (بیوروچیف)وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات کی ہے ۔ملاقات کرنیوالے وفد میں شکیل مسعود، میر ابراہیم ، میاں عامر محمود اور سلطان لاکھانی شامل تھے۔ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطائ اللہ تارڑ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران موجود تھے۔وفد نے منصب سنبھالنے پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ہم نے ایسے وقت میں اقتدار سنبھالا ہے جب ملک کو بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے۔معیشت کو پٹڑی پر لانا سب سے بڑا چیلنج ہے ۔وزیراعظم نے وفد کو حکومت کی معاشی ترجیحات سے آگاہ کیا۔خسارہ زدہ حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری، ادارہ جاتی اصلاحات ، اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری اور کفایت شعاری حکومتی ترجیحات ہیں ۔حکومتی سطح پر اخراجات میں کمی کے لئے کمیٹی بنادی گئی ہے جو جلد اپنی سفارشات پیش کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ وفاقی کابینہ نے رضاکارانہ طور پر تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی سو فیصد ڈیجیٹائز یشن کے لئے بین الاقوامی معیار کے ماہرین کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں اچھے ٹیکس دہندگان ، برآمد کنندگان اور خواتین اینٹرپرئنیورز کی حکومتی سطح پر پزیرائی کی جائے گی۔ذرائع ابلاغ ریاست کا چوتھا ستون ہیں؛ معاشرے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی ذہنی اور فکری تربیت میں الیکٹرانک میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔فیک نیوز ایک بہت بڑا چیلنج ہے جس کی روک تھام میں مین اسٹریم میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے ۔امید ہے کہ ذرائع ابلاغ غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کے ذریعے جمہوریت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔میڈیا نمائندوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔الیکٹرانک میڈیا پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے کوششوں میں حکومت کا ساتھ دے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں