37

مقابلے میں ڈاکوہلاک ، حادثے میں میاں بیوی جاں بحق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ صدر کے علاقہ خانوآنہ 237 رب کھڈیاں وڑائچاں کے قریب پولیس مقابلہ میں ایک ڈاکو ہلاک’ دو فرار ہو گئے’ ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ایلیٹ فورس کا ہیڈ کانسٹیبل آنکھ میں گولی لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا جبکہ جھال انڈرپاس کے قریب تیز رفتار موٹرسائیکل سوار میاں بیوی ٹرک سے ٹکرا کر زندگی کی بازی ہار گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیں، ایلیٹ فورس کے زخمی کمانڈو کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا گیا، پولیس مقابلہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی اقبال ٹائون’ ڈی ایس پی اور پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر فرار ہونے والے ڈاکوئوں کی تلاش شروع کر دی، سی پی او کامران عادل زخمی کمانڈو کی عیادت کیلئے ہسپتال پہنچ گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق گذشتہ شب 12بجے کے قریب ریسکیو15 کو کال موصول ہوئی کہ 237 رب کھڈیاں وڑائچاں خانوآنہ کے قریب تین مسلح ڈاکو اسلحہ کے زور پر شہری سے موٹرسائیکل’ 16ہزار روپے اور دو موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے ہیں، اطلاع ملتے ہی انچارج چوکی خانوآنہ اے ایس آئی محمد افضال’ موبائل خانوآنہ موقع پر پہنچے جبکہ ایلیٹ فورس کی گاڑی 78 گ ب کی طرف سے دوران گشت خانوآنہ کی طرف آ رہے تھے، خانوآنہ گائوں کے قریب پہنچے تو ایک موٹرسائیکل پر تین افراد کو ایلیٹ فورس کی گاڑی نے رُکنے کا اشارہ کیا تو موٹرسائیکل سواروں نے ایلیٹ فورس پر فائرنگ کر دی۔ ڈاکوئوں کی گولی کمانڈو غلام دستگیر کی آنکھ کے قریب لگی تو وہ بری طرح زخمی ہو گیا جبکہ ایلیٹ فورس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو گولی لگنے سے گر پڑا جبکہ اس کے دو ساتھی رات کی تاریکی میں موقع سے فرار ہو گئے، ایلیٹ فورس نے فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر دیکھا تو 25سالہ نامعلوم ڈاکو مردہ حالت میں پڑا تھا، اس کے قبضہ سے موٹرسائیکل’ موبائل فونز اور 12بور رپیٹر برآمد کر کے نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا اور زخمی ہیڈ کانسٹیبل غلام دستگیر کو تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل کروا دیا، مقابلہ میں جوان کے زخمی ہونے کی اطلاع ملتے ہی سی پی او کامران عادل نے ہسپتال پہنچ کر زخمی ہیڈکانسٹیبل کی عیادت کی اور ان کی جوانمردی پر شاباش دی اور کہا کہ شہریوں کے جان ومال کی حفاظت کیلئے پولیس ہمہ وقت کوشاں رہیگی۔ جبکہ تھانہ پیپلزکالونی کے علاقہ کینال روڈ جھال انڈر پاس کے قریب المناک حادثہ پیش آیا جہاں پر گرونانک پورہ بکرمنڈی کا رہائشی 39سالہ یاسر ولد امجد سعید اپنی اہلیہ کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ جھال انڈرپاس پل کے قریب تیز رفتاری کے باعث پیچھے سے ٹرک سے ٹکرا کر بری طرح زخمی ہو گئے، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچی تو مذکورہ میاں بیوی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی لیکن دونوں میاں بیوی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی زندگی کی بازی ہار گئے، پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں