مقررہ قیمت سے زائد نرخوں پر چینی فروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن

سرگودہا (بیوروچیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے چینی کی مقررہ قیمت پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے ہول سیل ڈیلرز اور دکانداروں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروا ئی کی جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے چینی کی قیمت، طلب و رسد اور اسٹاک سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں، جس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔کمشنر سرگودہا نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں شوگر ملز کی کڑی نگرانی کی جائے اور ان کے اسٹاک اور فروخت کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چینی کی تقسیم کے عمل کو شفاف اور موثر بنایا جائے تاکہ صارفین کو ریلیف مل سکے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز نے بتایا کہ سرگودہا ڈویژن میں چینی کا کوئی بحران نہیں اور مارکیٹ میں طلب کے مطابق چینی دستیاب ہے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے ذریعے قیمتوں کے نفاذ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔مزید بتایا گیا کہ سرگودہا ڈویژن کی شوگر ملز سے صوبہ کے دیگر چھ اضلاع کو چینی کی ترسیل جاری ہے۔ شوگر ملز کے پاس وافر اسٹاک دستیاب ہے۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف بلا تاخیر کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عام آدمی کو مقررہ نرخوں پر چینی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک افتخار علی کے علائوہ ڈپٹی کمشنر خوشاب فروہ عامر ، ڈپٹی کمشنر میانوالی خالد گورائیہ اور ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں