40

ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے حساب سے اضافہ کی تجویز

اسلام آباد (بیوروچیف) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مہنگائی کے حساب سے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کردیا۔اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ 10برس کے دوران جس حساب سے مہنگائی ہوئی، اسی تناسب سے ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اضافہ ہونا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ مزدوروں کو اپنی محنت کا صلہ ملے گا تو معیشت مستحکم ہوگی، 10سال کے دوران مہنگائی میں جتنا اضافہ ہوا اسی حساب سے تنخواہوں اور پینشن میں بھی اضافہ ہونا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی مزدوروں کے لیے تین نسلوں سے جدوجہد کررہی ہے، ہم نے مزدورں اور محنت کشوں کے ساتھ مل کر پاکستان کو آئین دلوایا۔چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ آمر ضیاالحق اور پرویز مشرف کے دور میں مزدوروں کے خلاف سازشوں کو پیپلزپارٹی نے ناکام بنایا۔ اس ملک کو لیبر پالیسی دینے والے پیپلزپارٹی کے قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو تھے۔دوسری جانب قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی نے ارکان پارلیمان کی تنخواہ و مراعات بڑھانے کی منظوری دے دی۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں فنانس کمیٹی نے ارکان پارلیمان کی تنخواہ اور مراعات وفاقی سیکرٹری کے برابر کرنے کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد فنانس کمیٹی کی سفارشات وزیراعظم شہبازشریف کو بھجوا دی گئی ہیں۔پارلیمانی ذرائع کے مطابق ممبر قومی اسمبلی (ایم این اے ) اور سینیٹر کی ماہانہ تنخواہ و مراعات 5لاکھ 19ہزار مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے 67اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے بھی تنخواہوں میں اضافے کا تحریری مطالبہ کیا گیا ہے۔ پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی ، ن لیگ اور دیگر جماعتیں بھی تنخواہ و مراعات بڑھانے کیلئے ہم آواز ہیں۔ تمام کٹوتیوں کے بعد وفاقی سیکرٹری کی تنخواہ اور الائونسز 5لاکھ 19ہزار ماہانہ ہیں اور سفارشات میں کہا گیا کہ اراکین پارلیمنٹ کو سہولیات بھی وفاقی سیکرٹری کے مساوی دی جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں