کراچی(بیوروچیف) تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر پاکستان ریلوے کے شعبہ لوکو شیڈ کے ملازمین کا 10روز سے جاری احتجاج کے باعث ٹرین شیڈول شدید متاثر ہوگیا جب کہ ہزاروں مسافر روزے کی حالت میں گھنٹوں انتظار کرنے پر مجبور ہوگئے۔کراچی میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی پرریلوے کے لوکوشیڈملازمین کے احتجاج اورکام چھوڑہڑتال کے باعث کراچی سے اندرون ملک روانہ ہونے والی کئی مسافر ٹرینیں گھنٹوں تاخیرکا شکار ہوگئیں۔تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اندرون ملک روانہ ہونے والی کئی ٹرینوں کے لیے لوکو شیڈ ملازمین نے انجن تیارنہیں کیے جس کی وجہ سے ٹرینوں کی اندرون ملک روانگی میں 4 گھنٹے سے زائد تاخیرہوئی۔لوکوشیڈ ملازمین کا کہنا تھاکہ ماہ فروری کی تنخواہیں تاحال ادا نہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے رمضان المبارک میں ملازمین مشکلات سے دوچار ہیں۔لوکوشیڈ ملازمین کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں تنخواہوں کی ادائیگی کی یقین دہانی کرائی گئی تھی لیکن ماہ فروری کی تنخواہوں کی 27 مارچ کو ادائیگی نہیں کی گئی جس پراحتجاج پرمجبورہوئے تھے۔ڈویژنل میکینکل انجینئر اور ملامین کے درمیان مذاکرت کی کوشش کی گئی، ڈی ایم ای نے یقین دہانی کوائی چند روز میں ملازمین کو تنخواہیں ادا کردی جائیںگی ،یقین دہانی کے بعد ملازمین نے واشنگ لین پرکام شروع کردیا۔ریلوے مظاہرین نے کہا کہ اگر چند روز میں ہمارے مطالبات کی منظوری نہیں دی گئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کردیا جائے گا،ترجمان پاکستان ریلویز کے مطابق کراچی اور لاہور کے درمیان چلنے پاک بزنس ایکسپریس کو کراچی ایکسپریس میں ضم کردیا گیا ہے۔مسافر کراچی کینٹ اسٹیشن پر ریزرویشن آفس میں رابطہ کریں،دوسری جانب ٹرینوں کی تاخیر کے سبب کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کی بڑی تعداد پریشانی کا شکار ہوگئے۔ملتان جانے والی مسافر خاتون طاہرہ نے بتایا کہ 12 بجے سے انتظار کر رہے ہیں 2 بجے کا کہا اب 3 بج رہے ہیں مگر ٹرین کی آمد متوقع بھی نہیں۔ایک مسافر نے کہا کہ روزے کی حالت میں گھنٹوں انتظار کرایا جارہا ہے۔ ریلوے انتظامیہ نے رمضان میں مسافروں کو ریلیف دینے کے بجائے کرائے بھی2900 روپے سے بڑھا کر 3300 روپے کردیے ہیں اور اب ٹرین بھی تاخیر کا شکار ہے۔مسافروں نے حکومت سے گزارش کی ہے کہ ملازمین کی بے قاعدگیوں کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدو رفت متاثر ہو رہی ہے جس کے نتیجے میں ہم پریشان ہو رہے ہیں ان کا حل نکالا جائے تا کہ ہم اپنے گھروں پرسکون سے لوٹ جائیں۔
46