ملاوٹ شدہ کھل فروخت کرنیوالوں کیخلاف خصوصی مہم جاری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ملاوٹ شدہ بنولہ کھل تیار کرنیوالے عناصر کیخلاف خصوصی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے ڈاکٹر روبینہ انجم، ایڈ یشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے ڈاکٹر سہیل احمد انجم ڈپٹی ڈائریکٹر کے ہمراہ راوی ٹریڈرز اعوان والا اور مدینہ آئل ملز ستیانہ روڈ فیصل آباد کا اچانک معائنہ کیا۔ دورے کے دوران بنولہ کھل، گندم کے چوکر اور دیگر دستیاب فیڈز کے معیار، صفائی اور تیاری کے مراحل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔معائنہ کے دوران متعلقہ مالکان کو لائسنس کے حصول اور رجسٹریشن مکمل کرنے کے لئے باضابطہ نوٹسز جاری کئے گئے اور انہیں حکومتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔ ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر حیدر علی خاں نے کہا کہ کارروائیاں جانوروں کی صحت کے تحفظ، دودھ اور گوشت کے معیار میں بہتری اور معیاری فیڈ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ لائیو سٹاک ملاوٹ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے اور ضلع بھر میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں