ملاوٹ مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن، 38لاکھ سے زائدجرمانہ

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر یاسر مشتاق کی زیر قیادت ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جعل سازوں اور ملاوٹ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا۔ فوڈ اتھارٹی نے ماہِ مئی کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔رپورٹ کے مطابق، فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ضلع بھر میں 3 ہزار 298 فوڈ پوائنٹس اور یونٹس کی چیکنگ کی، جن میں سے 369 کو صفائی کے ناقص انتظامات اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 38 لاکھ 37 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔جعل سازی اور ملاوٹ میں ملوث 14 فوڈ یونٹس کی پروڈکشن بند کر دی گئی، جب کہ 4 کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق، کارروائیوں کے دوران 2 ہزار 145 کلو مضر صحت آئس لولیز، 2 ہزار 72 لیٹر ناقص مشروبات، اور 1 ہزار 700 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کر دیا گیا۔ اسی طرح 1 ہزار 370 کلو بیمار گوشت، 940 کلو ناقص برف اور 420 خراب انڈے سمیت دیگر مضر صحت اشیابھی تلف کی گئیں۔مختلف کارروائیوں میں چھریاں، ویٹ مشینیں، ٹوکے اور دیگر خطرناک سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ کئی فوڈ پوائنٹس پر صفائی کے ناقص انتظامات، ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس سمیت اہم ریکارڈ کی عدم موجودگی بھی نوٹ کی گئی۔ترجمان کے مطابق بارہا اصلاحی نوٹسز دینے کے باوجود بہتری نہ آنے پر سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ جعل سازی اور ملاوٹ میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کا مشن صحت دشمن عناصر کا قلع قمع کرنا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ خوراک سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 1223 پر فوری اطلاع دیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں