12

ملاوٹ مافیا کے گرد گھیرا تنگ ،فوڈ اتھارٹی سے رپورٹ طلب

سرگودھا (بیوروچیف)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے دودھ میں ملاوٹ کی عوامی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل ڈائر یکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی کو اپنے دفتر طلب کیا۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ شہر بھر کی تمام ملک شاپس کا بلا امتیاز معائنہ کیا جائے اور دودھ میں ملاوٹ یا ناقص معیار کی فراہمی پر ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے فوڈ اتھارٹی ٹیموں کو روزانہ کی بنیاد پر دودھ کے سیمپل حاصل کرنے اور نتائج کی رپورٹ ان کے دفتر جمع کرانے کا حکم دیا۔ کمشنر نے خاص طور پر ڈیری روڈ سمیت حساس علاقوں کی مانیٹرنگ سخت کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو خالص اور معیاری خوراک کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی ترجیح ہے۔ جہانزیب اعوان نے اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا شیری گل کو فوڈ اتھارٹی کے ساتھ مکمل رابطے میں رہتے ہوئے مشترکہ کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت بھی دی۔ کمشنر سرگودہا نے کہا کہ عوام کی صحت کے معاملے میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ملاوٹ کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور اس ضمن میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی سے اب تک کی کارکردگی رپورٹ بھی طلب کر لی اور ہدایت کی کہ چند روز میں نمایاں نتائج سامنے آنے چاہئیں تاکہ عوام کو ملاوٹ سے پاک اور معیاری دودھ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں