ملاں پور میں نکاسی آب کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کرگیا

ٹھیکریوالہ(نامہ نگار)تھانہ ٹھیکریوالہ کے علاقہ 77ج ب ملاں پور میں نکاسی آب کا مسئلہ حل نہ ہونیکے باعث علاقہ مکینوں میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے اور صورتحال لڑائی جھگڑے کے خدشے کی جانب بڑھ رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق تھانہ ٹھیکریوالہ کے علاقہ 77ملاں پور میں گندے پانی کے کھال میں بہائو نہ ہونے پر چند شہریوں نے تجاوزات کے خلاف درخواست دائر کی تھی، جس پر اسسٹنٹ کمشنر تحصیل صدر نے کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات تو گرا دیں، تاہم مناسب متبادل انتظام نہ ہونے کے باعث کھال مکمل طور پر بند ہو گئی۔ گھروں میں گندا پانی داخل ہونے کے خدشے کے پیش نظر مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت مختلف مقامات پر بند باندھ دیے، جس سے نکاسی آب کا نظام مزید ناکارہ ہو گیا۔صورتحال اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ گندا پانی سڑکوں پر جمع ہو کر تالاب کا منظر پیش کر رہا ہے۔ نمازیوں، اسکول کے بچوں اور پیدل چلنے والوں کے لیے آمدورفت انتہائی مشکل ہو چکی ہے جبکہ شہریوں کو مجبورا گندے پانی سے گزر کر روزمرہ کے امور سرانجام دینا پڑ رہے ہیں۔مختلف مقامات پر بند باندھے جانے کے باعث شہریوں میں شدید اضطراب پایا جا رہا ہے۔ ہر چوک اور گلی میں چہ میگوئیاں جاری ہیں جو کسی بھی وقت تصادم کی صورت اختیار کر سکتی ہیں۔ علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کی نزاکت کو مدنظر رکھتے ہوئے نکاسی آب کے مسئلے کا فوری، جامع اور پائیدار حل نکالا جائے تاکہ کسی بڑے جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت انتظامی مداخلت نہ کی گئی تو صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں