لاہور (شوبز نیوز) ملکہ ترنم نورجہاں کو مداحوں سے بچھڑے 24برس ہو گئے لیکن آج بھی وہ اپنی سریلی آواز کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں بستی ہیں۔بلھے شاہ کی نگری قصور میں آنکھ کھولنے والی اللہ وسائی نے بڑے ہو کر نورجہاں کے نام سے شہرت پائی۔اداکاری ہو یا گلوکاری نورجہاں کا انداز شاندار، منفرد اور ہر دیکھنے والے کی پسند کا حصہ رہا۔نورجہاں نے سدا بہار آواز کے ساتھ بچپن میں ہی گلوکاری اور اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا اور 74سالہ کیریئر میں مختلف زبانوں میں تقریبا 20ہزار سے زائد گیتوں کو اپنی آواز سے یادگار بنایا۔ملکہ ترنم نورجہاں نے اردو، پنجابی، فارسی، بنگالی، پشتو، سندھی اور ہندی میں گانے گائے اور ہر طرف دھوم مچا دی۔پاک بھارت جنگ کے دنوں میں انہوں نے اپنے نغموں سے عوام اور فوجی جوانوں کا خون گرمائے رکھا۔شہرہ آفاق گلوکارہ نے تقریبا 40فلموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے اور کئی قومی و بین الاقوامی ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔
2