ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا فروغ ناگزیر ہے،رانا مشہود احمد خاں

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی شعبہ مینجمنٹ سائنسز اور ولینٹیئر فورس پاکستان کے باہمی اشتراک سے فیوچر یوتھ لیڈرز انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی رانا مشہود احمد خان، چیئرمین وزیرِاعظم یوتھ پروگرام تھے ۔تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے حصول اور اس کے مثر استعمال کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی کی دوڑ میں شامل نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی تربیت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو کر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ محنت اور لگن ہی کامیابی کی ضمانت ہے اور نوجوان نسل کو اپنی توانائیاں مثبت اور تعمیری سرگرمیوں میں صرف کرنی چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے تعلیمی میدان میں نمایاں اقدامات کیے ہیں، جن میں زیورِ تعلیم پروگرام، لیپ ٹاپ اسکیم، اسکالرشپ اور دیگر منصوبے شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ایک لڑکی تعلیم حاصل کرتی ہے تو وہ ایک پوری نسل کی آبیاری کرتی ہے، یہی وجہ ہے کہ پنجاب میں وومن یونیورسٹیز کے قیام پر خصوصی توجہ دی گئی۔ رانا مشہود احمد خان نے اس موقع پر انٹرنیشنل گرلز ایجوکیشن کانفرنس کا بھی ذکر کیا، جس میں 41 ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی اور پاکستان کی تعلیمی پالیسیوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ جدید دنیا میں ٹیکنیکل ایجوکیشن، آئی ٹی، اسٹیم اور ہاسپٹیلٹی جیسے شعبوں میں مہارت حاصل کرنا ضروری ہو گیا ہے۔ کووڈ کے بعد فری لانسنگ اور ڈیجیٹل مارکیٹ کے مواقع بڑھ گئے ہیں اور پاکستان دنیا میں فری لانسنگ کے میدان میں چوتھے نمبر پر آ چکا ہے۔ اس کامیابی کا سہرا ان تعلیمی اصلاحات کو جاتا ہے جو 2016 میں شروع کی گئیں۔رانا مشہود احمد خان نے طلبہ کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے پورٹل سے بھرپور استفادہ کرنے کی تلقین کی تاکہ وہ تعلیمی و معاشی میدان میں ترقی کر سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں