ملکی ترقی کیلئے خواتین کو بھرپور اہمیت دینا ضروری ہے

نارووال (نامہ نگار) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کا کوئی بھی قومی ہدف خواتین کی فعال شرکت کے بغیر حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کی تمام بیٹیوں، ماں اور بہنوں کو دلِ صمیم سے خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں،جو اپنی محنت، صلاحیت اور عزم کے ساتھ ہمارے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔قائدِاعظم محمد علی جناح کے یہ الفاظ آج بھی میرے دل کی آواز ہیں کہ کوئی قوم اس وقت تک عظمت کی بلندیوں تک نہیں پہنچ سکتی جب تک اس کی خواتین مردوں کے شانہ بشانہ نہ ہوں۔علامہ اقبال نے کیا خوب فرمایاوجودِ زن سے ہے تصویرِ کائنات میں رنگ، اسی کے ساز سے ہے زندگی کا سوزِ دروں۔ قرآنِ مجید میں اللہ تعالی کا ارشاد ہے میں تم میں سے کسی عمل کرنے والے کے عمل کو ضائع نہیں کرتا، خواہ وہ مرد ہو یا عورت۔۔احسن اقبال نے کہا کہ میرا یہ پختہ یقین ہے کہ پاکستان کا مستقبل اسی وقت مکمل روشن ہو گا جب ہماری خواتین کو تعلیم، صحت، معاشی مواقع اور قیادت میں برابر کا مقام حاصل ہو۔انہوںنے کہاکہ اڑان پاکستان میں خواتین کی شمولیت میرے نزدیک محض ایک سماجی ضرورت نہیں بلکہ قومی ترقی کی بنیادی شرط ہے، برآمدات ہوں، ای،پاکستان ہو، ماحولیات ہو، خوراک و پانی کا تحفظ ہو کوئی بھی قومی ہدف خواتین کی فعال شرکت کے بغیر حاصل نہیں کیا جا سکتا۔احسن اقبال نے کہا میرا اڑان پاکستان کا پیغام واضح ہے کہ جب خواتین آگے بڑھتی ہیں تو پاکستان آگے بڑھتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں