ملکی ترقی کیلئے میرٹ کی بالادستی بہت ضروری ہے

لاہور (بیوروچیف)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہور میں چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل(ر) محمد عبدالعزیز نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران چیئر مین پنجاب پبلک سروس کمیشن نے گورنر پنجاب کو ادارے کی سالانہ کارکردگی رپورٹ2025 پیش کی اور بریفنگ دی۔ اس موقع پر سیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن افضال چوہری بھی موجود تھے۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن میںاصلاحات سے ادارے کی کارکردگی میں مزید اضافہ ہو گا۔اُنہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے اداروں میں شفافیت اور میرٹ کی بالادستی بہت ضروری ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب سروس کمیشن سرکاری محکموں میں میرٹ پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا مستند ادارہ ہے۔ چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن نے گورنر پنجاب کو پی پی ایس سی کی سالانہ رپورٹ 2025 کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن نے حتمی نتائج میں اکیڈمک مارکس کو ختم کرنے جیسی نمایاں تبدیلیاں کی ہیں جسے مختلف حلقوں میں سراہا گیا ہے۔ انہوں کے کہا کہ سال 2025 میں 10 ہزار 576 امیدواروں کی میرٹ پر سیلیکشن کے بعد مختلف محکموں میں تقرری کے لیے سفارش کی گئی ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ چیئرمین پی پی ایس سی نے کہا کہ حتمی نتیجے کی میعاد کے دوران نئی ریکوزیشن آنے پر محکمہ کی رضامندی پر ناٹ ریکمنڈڈ امیدواروں کی سفارش کرنا جیسا اہم فیصلہ بھی کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں