ملکی سلامتی اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کوارڈی نیٹر NA102 مسلم لیگ (ن) میاں فرقان محمود اور ان کے بھائی حاجی میاں اشفاق کی طرف سے سینیٹر چوہدری عابد شیرعلی اور ایم پی اے رانا احمد شہریار خاں کے اعزاز میںافطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا’ افطار ڈنر میں چوہدری عمران شیرعلی’ مسلم لیگ (ن) سٹی کے جنرل سیکرٹری میاں ضیاء الرحمن’ سابق ڈپٹی میئر اکبرغوری’ میاں آفاق طاہر’ ڈاکٹر آصف پی اے ٹو چوہدری عابد شیرعلی’ سابق چیئرمینز ملک آصف ایڈووکیٹ’ چوہدری ذوالفقار گجر’ رانا اویس’ رانا مجاہد’ اکبر ملک’میاں آصف’ میاں رضوان صدیق’ ڈاکٹر قدیر’ تنویر حسین تارڑ’ چوہدری افضل ڈوگر’ بائو جٹ’ ملک مبشر’ عبدالحمید بھولا’ میاں اعجاز’ماسٹر جمیل’ میاں نوید’ فریداللہ خٹک’ چوہدری وقاص رحمانی’ مہر نعیم’ سکندر بٹ’ رانا عابد’ رانا غوث کے علاوہ این اے 102 کی اہم شخصیات نے شرکت کی’ افطار ڈنر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر چوہدری عابد شیرعلی اور ایم پی اے رانا احمد شہریار خاں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے’آپریشن ”غضب للحق” پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بابرکت ماہ کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے پڑوسی ملک نے پاکستان پر ایک مرتبہ پھر حملہ کیا جس کا ہماری بہادر فوج نے بھرپور اور مؤثر جواب دیا’ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ تمام مسائل کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے مذاکرات، سفارتکاری کی ہر ممکن کوشش کی ہے’ ہمارے برادر اسلامی ممالک نے بھی اپنا کردار ادا کرتے ہوئے انہیں سمجھانے کی پوری کوشش کی، مگر تمام خلوص اور کاوشوں کے باوجود دراندازی اور جارحیت کا سلسلہ جاری رہا’انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان ہمارے سمیت تمام مسلمانوں کی دعا اور آرزو ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ہم سب اللہ تعالیٰ کی عبادت میں مصروف رہیں نہ کہ ایک دوسرے کا خون بہائیں’ انہوں نے کہا کہ افسوس کہ اس بابرکت ماہ کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے پڑوسی ملک نے پاکستان پر ایک مرتبہ پھر حملہ کیا جس کا ہماری بہادر فوج نے بھرپور اور موثر جواب دیا اور اپنی سرزمین اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا’ انہوںنے کہا کہ یہ پاکستان ہی تھا جو ہمیشہ مشکل وقت میں اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہا’افغانستان کو سمجھنا ہوگا کہ بھارت کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہونے سے سوائے ہزیمت کے کچھ حاصل نہیں ہو گا’انہوںنے کہاکہ ہم امن کے خواہاں ہیں مگر اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے’ انہوں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب حکومتیں رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچانے کیلئے سرگرم عمل ہیں’ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ماہ رمضان کے دوران رجسٹرڈ محنت کشوں میں 10 ہزار روپے کی مالی امداد کی تقسیم کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے’ نگہبان پیکج کے تحت جس طرح غریب عوام کی خدمت کی ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی’انہوں نے کہا کہ جھوٹ اوربے بنیاد پروپیگنڈا سے اپوزیشن عوامی حمایت حاصل نہیں کر سکتی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ ن آ ئندہ الیکشن میں بھی واضح کامیابی حاصل کرے گی’ہم اپنے حلقوں میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی سمیت ہرسطح کی خدمت کررہے ہیں جس پرعوام کواعتماد ہے’ آخر میں میزبان کوارڈی نیٹر NA102 مسلم لیگ (ن) میاں فرقان محمود اور ان کے بھائی حاجی میاں اشفاق نے سینیٹر چوہدری عابد شیرعلی’ ایم پی اے رانا احمد شہریار خاں سمیت افطار ڈنر میں آنے والے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور پیغام دیا ہے کہ رمضان المبارک رحمتوں’ برکتوں کا مہینہ ہے’ اس ماہ مقدس میں زیادہ سے زیادہ عبادت میں مشغول رہیں اور مستحقین کی دل کھول کر امداد کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں