35

ملک بھر میں جشن آزادی ملی جوش وجذبہ سے منایا گیا (اداریہ)

ملک بھر میں 78واں جشن آزادی ملی جوش وجذبہ سے منایا گیا ملک بھر کی مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں وفاقی دارالحکومت میں 31توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی رات 12بجتے ہی ملک بھر میں جشن کا آغاز ہو گیا ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں یوم آزادی کا بھرپور طریقے سے استقبال کیا گیا شہری سڑکوں پر امڈ آئے فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اُٹھی چھوٹی بڑی ریلیوں اور مختلف ثقافتی شوز کا انعقاد کیا گیا شہریوں نے ملی نغموں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے’ بھارت کے خلاف تاریخی فتح اور آزادی کا جشن ملک کے ہر شہر’ ہر گلی’ محلہ سبزی ہلالی پرچم کے رنگوں میں رنگ گیا کراچی’ لاہور’ اسلام آباد’ پشاور’ کوئٹہ’ ملتان’ گوجرانوالہ’ ساہیوال اور فیصل آباد میں جشن آزادی کی تقاریب اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا جن میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور ان کے رفقاء کار کی عظیم جدوجہد اور الگ ملک کے قیام کی جدوجہد پر روشنی ڈالی گئی جبکہ ملک بھر کی سرکاری نجی عمارتوں پر سبز ہلالی پرچم لہرائے گئے رات کو چراغاں کیا گیا لوگوں نے اپنی گاڑیوں اور بائیکس پر جھنڈے لگا کر جلوسوں میں شرکت کی کراچی میں جشن آزادی پر مزار قائد اور مزار اقبال لاہور میں گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا مظفرآباد میں 78واں یوم آزادی ومعرکہ حق ملی جوش وجذبہ سے منایا گیا وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے دارالحکومت مظفرآباد میں یوم آزادی کی تقریب میں خصوصی شرکت کی گلگت بلتستان میں بھی یوم آزادی کی تقریبات منعقد ہوئیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آزادی کے دن کی طویل تاریخ ہے ہم نے جشن آزادی کے دن کو معرکہ حق کا نام دیا ہے، ہمارے بزرگوں کی قربانیاں ہر جگہ نظر آتی ہیں یہ صرف آزادی کی جنگ نہیں، دوقومی نظریے کی بھی فتح تھی جناح سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں یوم آزادی اور معرکہ حق کی فتح کے جشن کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی راکٹ فورس کی تشکیل کا اعلان کیا اور کہا کہ ہم جدید ٹیکنالوجی کی حامل اور دشمن کو ہر جانب سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والی یہ فورس ہماری روایتی جنگی صلاحیت کو مزید مضبوط کرنے میں ایک اور سنگ میل ثابت ہو گی تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری’ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور وفاقی کابینہ کے ارکان کے علاوہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ارکان نے بھی شرکت کی جبکہ دوسرے ممالک کے سفراء بھی تقریب میں موجود تھے، پاکستان کے 78ویں جشن آزادی کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھارت کے خلاف معرکہ حق میں نمایاں کارکردگی اور بہادری کا مظاہرہ کرنے پر 488 عسکری شخصیات’ کئی وزراء اور دیگر کو اعزازات سے نوازا، تقریب ایوان صدر میں ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف’ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مسلح افواج کے سربراہوں نے شرکت کی،، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلی ایٹمی طاقت بننے پر بے حد فخر ہے اور پھر شکر ادا کرتے ہیں، معرکہ حق میں کامیابی سے سرفراز ہونے پر اﷲ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں، پاکستان ایک روشن چراغ ہے جس کی لو سے دنیا چمک رہی ہے پاکستان ہماری آن بان شان ہے پاکستان کے بغیر ہم کچھ بھی نہیں انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر ہمیں بہ حیثیت پاکستانی اپنا احتساب کرنا ہو گا انہوں نے کہا 14اگست محض جشن آزادی نہیں بلکہ پاک سرزمین سے وفا کے عہد کی تجدید کا دن ہے اﷲ کے فضل وکرم سے آج پاکستان اقوام عالم میں سربلند ہے اور معاشی بلندیوں کی طرف گامزن ہے وطن کو عظیم سے عظیم تر بنانے کا عزم کا اعادہ کرتے ہیں” ملک بھر میں یوم آزادی اور معرکہ حق کی فتح کے جشن کے حوالے سے ملک میں تقریبات’ سیمینارز’ ریلیوں’ جلوسوں میں پوری قوم نے جس یکجہتی اور ملک سے اپنی وفا کا اظہار کیا وہ قابل تعریف ہے بلاشبہ پاکستان کے ساتھ محبت ہماری پہچان ہے آئیے ہم بطور قوم اس بات پر بھی غور کریں کہ ہم نے ملک کو کیا دیا؟ اگر ہم وطن کی ترقی چاہتے ہیں تو ہمیں یہ عہد کرنا ہو گا کہ اس کیلئے اپنی جانیں نثار کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے اس طرف اٹھنے والی کسی بھی میلی آنکھ کو نکال باہر کریں گے ارض وطن کی تعمیر کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنا اپنا فرض اولین سمجھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں