45

ملک بھر میں یوم پاکستان جوش وجذبہ سے منایا گیا (اداریہ)

ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش وجذبہ سے منایا گیا ایوان صدر میں اس موقع پر مسلح افواج کی شان دار پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی صدر مملکت آصف علی زرداری تھے وزیراعظم شہباز شریف’ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی’ وزراء ارکان اسمبلی’ سروسز چیفس’ غیر ملکی سفرائ’ اعلیٰ سول اور فوجی حکام شریک ہوئے یوم پاکستان کی مرکزی پریڈ کے موقع پر ایف16 جے ایف 17 تھنڈر جے 10 سی اور میراج طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا تینوں مسلح افواج کے دستے یوم پاکستان کی پریڈ کا حصہ تھے صدر مملکت آصف علی زرداری روائتی بگھی میں تقریب میں آئے اور پریڈ کا معائنہ کیا صدر مملکت اور وزیراعظم شہباز شریف کو پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی، ملک کے صوبائی دارالحکومتوں میں بھی تقریبات منعقد ہوئیں جہاں پر پرچم کشائی کی گئی آزاد کشمیر’ گلگت بلتستان میں بھی یوم پاکستان کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جبکہ تمام اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں یوم پاکستان کے حوالے سے مقررین نے خطابات کئے فیصل آباد میں مرکزی تقریب کا انعقاد کمشنر آفس میں کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں سرکاری افسران اور اہم سیاسی وغیر سیاسی شخصیات نے شرکت کی جبکہ دن بھر مختلف سیاسی وسماجی تنظیموں کی طرف سے یوم پاکستان کے حوالے سے ریلیاں نکالی جاتی رہیں سیمینارز بھی منعقد ہوئے جن سے مقررین نے خطابات کئے سرکاری وغیر سرکاری عمارتوں پر پاکستانی پرچم لہرائے گئے ایوان صدر میں منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت سے کہا کہ دشمن کے عزائم ناکام بنائیں گے بھارت نے ہمیشہ پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا، فوج اور قوم کوئی بھی قربانی دینے کیلئے تیار ہے صدر نے کہا ملک کو بہت سے جیوپولیٹیکل چیلنجز کا سامنا ہے تمام اندرونی وبیرونی سازشوں کے باوجود ترقی کا عمل جاری رہے گا ففتھ جنریشن وار فیئر اہم چیلنج ہے فتنہ خوراج اور دوسرے دہشتگرد ناپاک عزائم کے حصول کیلئے کوشاں ہیں نفرت مایوسی پھیلانے کی کوششیں ناکام بنانا ہوں گی ہمیں ملکر پاکستان کی خوشحالی اور امن کیلئے کام کرنا ہو گا صدر مملکت نے کہا 23مارچ کا دن پاکستانی قوم کے لیے بہت اہم ہے ہم نے بہت سی قربانیاں دے کر آزادی حاصل کی قوم اور افواج مادر وطن کیلئے کسی بھی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹے گی دہشت گرد تنظیموں کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ عوام اور مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں سازشوں کے باوجود پاکستان کی تعمیر کرتے آئے ہیں اور کرتے رہیں گے ہماری خارجہ پالیسی امن اور استحکام پر مبنی ہے، صدر مملکت نے کہا نوجوان نسل ہمارے ملک کا سرمایہ ہے ان کو تعلیم’ تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانا ہے صدر نے کہا ہمارا سفر آسان نہیں لیکن ناممکن بھی نہیں، پاکستان کی اصل طاقت عوام ہے آپ کی ثابت قدمی اور حب الوطنی نے ہمیشہ ملک کو مشکلات سے نکالا’ اپیل کرتا ہوں اپنی تمام تر طاقت ملکی ترقی کیلئے وقف کر دیں صدر مملکت نے سول وآرمی افسران اور دیگر اہم شخصیات کو اعزازات سے بھی نوازا سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کیلئے بعداز وفات ملک کیلئے نشان پاکستان کا اعلان کیا گیا جو صنم بھٹو اور آصفہ بھٹو نے وصول کیا، علاوہ ازیں یوم پاکستان کے موقع پر مینار پاکستان میں ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی مینار پاکستان رات کے وقت سبز اور سفید روشنیوں سے جگمگاتا رہا قرارداد پاکستان کی یادگار مینار پاکستان قومی پرچم کا سماں پیش کرتا رہا لیزر لائٹ کی مدد سے مینار پاکستان پر چاند ستارہ اور قومی پرچم کی شبہہ ابھر آئی وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر شاہی قلعہ’ میوزیم پنجاب اسمبلی’ جی پی او اور دیگر نجی وسرکاری قدیمی عمارتوں پر قومی پرچم کی تھیم سبز لائٹس روشن کی گئیں،، 23مارچ 1940ء کو منٹوپارک میں قرارداد پاکستان منظور کی گئی تھی جس میں مسلمانوں کیلئے الگ وطن کا مطالبہ کیا گیا جہاں وہ اسلام کے اصولوں کے مطابق زندگیاں گزار سکیں قائداعظم محمد علی جناح اور ان کے تحریکی ساتھیوں کی عظیم جدوجہد کے بعد پاکستان کا قیام عمل میں آیا جب ہم یوم پاکستان کا جشن مناتے ہیں تو دراصل ہم اتحاد’ ایمان اور نظم وضبط کی اقدار کے لیے اپنی لگن کا اعادہ کرتے ہیں جنہوں نے ہمیں اس مقام تک پہنچایا ہے ہم اپنے شہداء اور قومی ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جو پاکستان کیلئے باعث فخر ہیں ہر سال 23مارچ کو اپنے ملک کے سفر کو اجتماعی طور پر غور کرنے’ اپنے ماضی کے تجربات سے سبق حاصل کرنے اور ایک بہتر مستقبل کیلئے جدوجہد کرنے کا پختہ عزم کرنے کا موقع ملتا ہے ہمیں اس بات کا عہد کرنا ہو گا کہ پاکستان کو عظیم مملکت بنانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے اسی میں ملک وقوم کی بھلائی کا راز پوشیدہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں