ملک بھر کے پٹرول پمپس کو ڈیجیٹل سسٹم پر منتقل کرنیکا پلان

اسلام آباد ( بیو رو چیف )حکومت نے ملک بھر کے تمام پیٹرول پمپس کو ڈیجیٹل کرنے کا پلان بنالیا۔ یہ اہم پلان سمگلنگ کے خاتمے کے لئے بنایا گیا ہے، کراچی میں ایک پیٹرول پمپ تیار ہوگیا جومکمل طور پر ڈیجیٹل سسٹم پر چلایا جارہا ہے۔ اس حوالے سے آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین ملک خدا بخش کاکہناہے کہ میرے پیٹرول پمپ کو شیل کمپنی نے ڈیجیٹل سسٹم لگا کر دیا ہے،اس سسٹم سے یہ معلوم ہوگا کس پیٹرول پمپ پر ٹینکر سے کتنا فیول آیا،اس پیٹرول پمپ پر کس مشین سے کتنا فیول ڈالا گیا؟یہ سب ریکارڈ ہوتا ہے۔ ملک خدابخش نے بتایاکہ کتنی مالیت کی کس گاڑی یا موٹر سائیکل میں کتنا پیٹرول ڈالا گیا؟ یہ بھی آن لائن ریکارڈ ہوگا،ملک بھر کے ہزاروں پیٹرول پمپس کو ڈیجیٹل کرنا آسان کام نہیں ہوگا،اصل میں حکومت فیول کی سمگلنگ اور ٹیکس کی پوری وصولی چاہتی ہے،ڈیجیٹل سسٹم کرنے کیلئے آئل ٹینکرز اور او ایم سی کو بھی ڈیجیٹل سسٹم پر کرنا ہوگا،آئل مارکیٹنگ کمپنی نے کتنا فیول بھیجا؟اس کا بھی وہاں سے ریکارڈ رکھا جائے،پیٹرول پمپ پر ٹینکرز سے جتنا فیول آیا اسی حساب سے فروخت آنی چاہیے۔ ملک خدا بخش نے کہاکہ حکومت جو بھی فیصلے کرے وہ مشاورت سے کرے، ملک بھر میں12 ہزار سے زائد پیٹرول پمپس ہیں لیکن جہاں سے فیول سمگلنگ ہورہی ہے اس کو کون ٹریک کرے گا؟شہروں میں تو پیٹرول پمپس ڈیجیٹل ہو جائیں گے مگر جہاں انٹر نیٹ سروس ہی موجود نہیں وہاں یہ ڈیجیٹل سسٹم کیسے لگے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں