1

ملک میں زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا،وی سی ڈاکٹر ذوالفقار علی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے 115 طلبہ نے ایک سالہ ایگریکلچر فنانشل لٹریسی اسٹوڈنٹ ایمبیسیڈر پروگرام کامیا بی سے مکمل کر لیا جس کا مقصد زرعی برادری میں مالی آگاہی کو فروغ دینا تھا۔ اس پروگرام کا انعقاد اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے باہمی تعاون سے کیا گیا۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زرعی یونیور سٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں جو کسانوں کے مسائل کے حل اور مڈل مین سے بچاؤ کا ذریعہ بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا، درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈائریکٹر ایگریکلچر کریڈٹ اینڈ فنانشل انکلوژن ڈیپارٹمنٹ عابد قمر نے کہا کہ اس فلیگ شپ اقدام سے زرعی برادری میں دستیاب مالیاتی اسکیموں اور حکومتی اقدامات سے متعلق آگاہی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے ایف ایل پی ایک منفرد پروگرام ہے جو اسٹیٹ بینک، کمرشل بینکوں، وفاقی و صوبائی محکموں سمیت تمام اہم شراکت داروں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر کسانوں سے رابطہ قائم کرتا ہے۔ ڈین سوشل سائنسز ڈاکٹر وقاص وکیل نے کہا کہ زرعی مالیات سے متعلق آگاہی پیداوار میں اضافے، غذائی تحفظ کو یقینی بنانے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کسانوں کی بہتری کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام کسانوں کو بااختیار بنانے، جدید زرعی طریقوں کے فروغ اور دیہی معیشت کے استحکام کے عزم کا مظہر ہے۔ جوائنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر کریڈٹ اینڈ فنانشل انکلوژن ڈیپارٹمنٹ نعیم خانزادہ نے کہا کہ وہ زرعی مالیات کی رسائی کو وسعت دینے کے لیے سرگرم عمل ہیں خاص طور پر چھوٹے کسانوں، خواتین اور دیہی معیشت کے نظرانداز شدہ طبقات کے لیے آسانی پیدا کر رہا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچر ریسورس اکنامکس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اصغر علی نے کہا کہ اس پروگرام سے طلبہ کو کسان برادری کے مسائل کو سمجھنے اور ان سے سیکھنے کا بھی موقع ملا۔ اس موقع پر صباء جاوید و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ فوزیہ اسلم، چیف منیجر فیصل آباد نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ زرعی فنانس آؤٹ ریچ چیمپئن شپ میں اسامہ انور نے پہلی، شرافت علی نے دوسری اور محمد سلمان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ایکسلی لینس ایوارڈ میں محمد عثمان نے پہلی، اسامہ انور نے دوسری اور سمیرا حنیف نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں