فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کو یقینی بنایا جائے ، حکومت سیاسی کشیدگی تنا میں کمی کیلئے اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات اور آئین وقانون کے مطابق ان کے حقوق دیئے جائیں ، عالمی اور خطے کی صورتحال کے تناظر میں اور پاکستان اور ایران کا دہشت گردی کے خاتمہ ، تجارتی روابط کو مزید بڑھانے اور مستحکم کرنے کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران منٹگمری بازار رجسٹرڈ کے صدر حافظ طاہر جمیل میاں نے اپنے اخباری بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک و قوم کے مفاد کے لئے جو سخت فیصلے کرنے کا عندیہ ہے، اس کے تناظر میں توقع ہے کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ مل بیٹھ کر سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے مسائل اور معاملات کا متفقہ اور مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے میں کسی مصلحت اور دبا کا شکار نہیں ہوگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کسانوں پر ظلم کا نوٹس لیا جائے کسان دشمن مافیا کو نشان عبرت بنانے کیلئے عملی اقدامات بھی کئے جائیں۔
