ملک میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی تاخیر کا شکار

اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی تا حال موخر ہے، کیوں کہ ٹیلی نار پاکستان اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کے مجوزہ انضمام سے متعلق معاملات تاحال حل طلب ہیں، اس وقت مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) پی ٹی سی ایل کی جانب سے مطلوبہ دستاویزات کا منتظر ہے تاکہ وہ اپنا حتمی فیصلہ دے سکے۔رپورٹ کے مطابق مصدقہ ذرائع کا کہناا ہے کہ سی سی پی کی پیش رفت پی ٹی سی ایل کی جانب سے ضروری دستاویزات مقررہ فارمیٹ میں جمع نہ کرانے یا تاخیر سے فراہم کرنے کی وجہ سے رکی ہوئی ہے، جس سے صورتحال میں ابہام پیدا ہو گیا ہے اور جائزہ لینے کا عمل تعطل کا شکار ہے۔وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، شزا فاطمہ خواجہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ 5Gاسپیکٹرم نیلامی میں تاخیر کی بنیادی وجہ ٹیلی نار اور پی ٹی سی ایل کے انضمام پر جاری عدالتی کارروائی اور غیر یقینی صورتحال ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا مسابقتی کمیشن ایک خودمختار ادارہ ہے، اور ہم اس مجوزہ انضمام پر اس کے فیصلے کے منتظر ہیں، وزارتِ آئی ٹی نہ ہی حکومت مسابقتی کمیشن کے ریگولیٹری فرائض میں مداخلت کر سکتی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ 5Gاسپیکٹرم نیلامی کی مشاورتی کمیٹی، جس کی سربراہی وزیر خزانہ کر رہے ہیں، صرف اسی صورت اپنی سفارشات جاری کرے گی جب مسابقتی کمیشن انضمام پر اپنا فیصلہ سنا دے گا۔ وزارتِ آئی ٹی کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ نیلامی کی حکمت عملی کا انحصار انضمام کے بعد موجود ٹیلی کام آپریٹرز کی تعداد پر ہے، نیلامی کا طریقہ کار اس بات پر منحصر ہے کہ مارکیٹ میں 3 آپریٹرز ہوں گے یا 4، ہر صورت میں طریقہ کار اور شرائط مختلف ہوں گی۔اس وقت پاکستان میں 4 ٹیلی کام آپریٹرز کام کر رہے ہیں، جاز سب سے آگے ہے جس کا مارکیٹ شیئر 37 فیصد سے زائد ہے، اس کے بعد زونگ 26 فیصد، ٹیلی نار پاکستان 22 فیصد سے زائد، اور یو فون (جو پی ٹی سی ایل کی ذیلی کمپنی ہے) کے پاس تقریبا 13 فیصد سم ہولڈرز ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ پی ٹی سی ایل کی جانب سے مسابقتی کمیشن کو جمع کرائی گئی دستاویزات غیر واضح تھیں، اور مقررہ معیار پر پوری نہیں اتریں، جس کی وجہ سے کمیشن نے مزید وضاحت طلب کر لی ہے۔انضمام کے حوالے سے یہ تشویش بھی پائی جاتی ہے کہ یو فون کو مسلسل مالی نقصان ہو رہا ہے، جب کہ باقی 3 آپریٹرز منافع میں جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں