لاہور(بیوروچیف) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے اب کسی سیاسی نہیں بلکہ معاشی لانگ مارچ کی ضرورت ہے۔ پی ٹی آئی حکومت نے دہشتگردوں کو دوبارہ ملک میں لا بسایا جو کہ اس وقت ملک کے لئے بدترین چیلنج بن چکے ، ہم آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے صورتحال کو بہتر کرنے کیلیے خلوص نیت سے کام کریں گے۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت یہ نہیں کہ نفرتیں پیدا کریں ملک تب ترقی کرتا ہے جب مثبت قوت ابھرتی ہے، ہم آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے صورتحال کو بہتر کرنے کیلیے خلوص نیت سے کام کریں گے، دوسرا فریق ڈائیلاگ کرے گا تو اچھے نتائج نکل سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت دہشت گردی جنگ کے بدترین جنگ کا سامنا ہے ، گزشتہ حکومت نے دہشت گردوں کو ملک میں لاکر بسایا جسکا خمیازہ آج قوم بھگت رہی ہے ۔ انہوں نے کہا ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ دہشت گردی پر زیرو ٹالرنس ہوگا ، دہشتگردی سے ایسے نمٹیں گے۔ جیسے2017ـ2013 میں نمٹے تھے، دہشت گردی کو شکست دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں کہیں سے مداخلت ہوگی تو فوج بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، قربانیوں اور جدوجہد سے امن کو واپس لے آئیں گے، ماضی میں مجھے انتہا پسندی کا نشانہ بنایا گیا، ہمیں نفرت کی گولیوں کو ختم کرنا ہوگا، نفرت کی گولی انتہا پسندی کو فروغ دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی نظریات اور کلچر مختلف تو ہوسکتا ہے لیکن بطور پاکستانی برابری کی بنیاد پر ہمیں ایک دوسرے کو عزت دینی ہے، ہمیں ایک قوم بن کر سوچ کو یکجا کرنا ہوگا ، نوجوان نسل ملک کا مستقبل ہے ، 2047ء میں بھارت و پاکستان آزادی کا سو سال کا جشن منائیں گے تو اس وقت ہمارے لئے بڑا سوال ہوگا کہ نوجوان نسل سرخرو یا فخر کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر نوجوان نسل نے سرخرو ہونا ہے تو کامیاب ملک کی طرح امن ، سیاسی استحکام پالیسیوں کا تسلسل اور اصلاحات کو اپنانا ہوگا، ہم تین بار پاکستان کی اڑان کو کریش کرچکے ہیں، پاکستان چوتھی بار اڑان بھرنے کو تیار ہے اب اس اڑان کی حفاظت کرنی ہے ، اگر اس ریس کو جیتنا ہے تو سیلف امیج بہتر کرنا ہو گا، جب تک سیلف امیج درست نہیں ہو گا کوئی قوم نہیں جیت سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سکھایا گیا بطور قوم چور اور ڈاکو ہیں ، یورپ یا امریکا میں جائیں ان سے پوچھیں پاکستانی کیسے ہیں تو کہیں گے پاکستانی قوم محنتی و ذہین ہے، ہمارا برانڈ چور ڈاکو نہیں ہے ، کچھ لوگوں نے ایک نسل کو گمراہ کیا۔#/s#
4