ملک کو خوردنی تیل میں خود کفیل بنانے کا منصوبہ تیار

اسلام آباد(بیوروچیف)ملکی خودمختاری اور خودکفالت کی جانب ایک اور سنگ میل عبور ہونے کو تیار’خوردنی تیل کی درآمد کے 5 ارب ڈالر بچانے اور ملکی معیشت کو 3 ہزار ارب روپے سے زائد کا فائدہ پہنچانے کا ہدف مقررکردیاگیا۔کوکنگ آئل کی قیمت کو 100 روپے فی لٹر تک لانے کی منصوبہ بندی کر لی گئی۔ملک کو خوردنی تیل میں خودکفیل بنانے کا قلیل المدتی، وسط مدتی اور طویل المدتی پلان تیارکرلیا گیا۔وزارت تحفظ خوراک کے ذرائع کے مطابق خوردنی تیل خود کفالت پلان کی بریفنگ وزیراعظم کو دی جائے گی، آئندہ 10 برسوں میں خوردنی تیل بیجوں کی پیداوار 45 لاکھ ٹن سالانہ تک لے جانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔سرکاری دستاویز کے مطابق تیل دار فصلوں کی کاشت کو 46 لاکھ ایکڑ رقبے تک بڑھایا جائے گا،تیل دار فصلوں میں سویا بین، کینولا اور تل کو ترجیح دی جائے گی۔دستاویز کے مطابق 2027 تک 14 لاکھ ٹن پیداوار حاصل کی جائے گی،جس سے 2 ارب 30 کروڑ ڈالر کی درآمدات کم ہوں گی،2030 تک خوردنی تیل کی پیداوار22 لاکھ ٹن سالانہ تک بڑھائی جائے گی، 2035 تک تیل دار فصلوں سے 46 لاکھ ٹن سالانہ پیداوار حاصل کی جائے گی،2035 تک خوردنی تیل کی درآمد کم کرکے 7 ارب ڈالر بچائے جاسکیں گے، پاکستان اس وقت 5 ارب ڈالر کا سالانہ خوردنی تیل امپورٹ کرتا ہے،دستاویزکے مطابق پاکستان سالانہ 89 فیصد خوردنی تیل درآمد کرتا ہے’1960 تک پاکستان خوردنی تیل امپورٹ نہیں کرتا تھا’اس وقت 13 لاکھ 32 ہزار ایکڑ پر سوبابین، کینولا اور تل اگائے جاتے ہیں ۔بھارت تیل دار فصلوں سے سالانہ 4 کروڑ 14 لاکھ ٹن پیداوار حاصل کرتا ہے۔دستاویز کے مطابق بھارت نے تیل دار فصلوں کے فروغ کیلیے 1986سے اب تک 512 ارب روپے خرچ کیے، پاکستان نے 1973 سے اب تک صرف 26 ارب روپے خرچ کیے،پلان کے مطابق 147 ارب روپے خرچ کرکے 10 سال میں سالانہ 3725 ارب روپے کا فائدہ حاصل کیا جاسکتا ہے،خوردنی تیل میں خود کفالت سے کوکنگ آئل کی قیمت 100 روپے فی لیٹر ہوجائے گی۔ #/s#

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں