فیصل آباد(پ ر)پاکستان تحریک انصاف مینارٹیز ونگ ویسٹ ریجن پنجاب کے انفارمیشن سیکرٹری عاصم سندھو نے کہاکہ ملک کے خراب معا شی حالات پریشان کن ہیں،انتخابات کے انعقاد میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں، قوم فیصلہ کر لے تو پھر کوئی طاقت اسے نہیں روک سکتی، تحریک ا نصاف حکومت کو سازش کے تحت گرا کر جرائم پیشہ افراد کو ملک پر مسلط کیا گیا، سازش کے تحت ملک کو دلدل میں پھنسایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام بدحال اور انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں،مفت آٹا سکیم بد نظمی کا شکار، لوگ دس کلو آٹے کے حصول کے لئے جان بحق ہو رہے ہیں، ملک و قوم کئی بڑے بحرانوں کا شکار ہیں، نا اہلوں کا ٹولہ ہے جو ملک و قوم پر مسلط ہو ا بیٹھا ہے ، قوم نے ان کی کارکردگی کو دیکھ لیا ہے، اس کے لئے ضروری ہے کہ فرسودہ نظام سے جان چھڑائی جائے۔انہوں نے مزید کہاکہ ملک کو استحکام کی ضرورت ہے انتشار کی نہیں۔
46