لاہور (بیوروچیف) دریائے ستلج میں ممکنہ سیلاب کے باعث پنجاب کے سات اضلاع کے متاثر ہونے کا خدشہ ، پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمٹ اتھارٹیز کو خط لکھ کر آگاہ کر دیا۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج میں نچلے درجے کے سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔سیلاب سے قصور، ساہیوال، اوکاڑہ،پاکپتن، وہاڑی، بہاولپور اور بہاولنگر کے علاقے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور چئیرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمٹ اتھارٹیز ایس او پیز کے تحت رسپانس پلان تیار کریں۔متعلقہ اضلاع ہنگامی بنیادوں پر اپنے انتظامات مکمل کریں ۔ نبیل جاوید نے کہا کہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملے کو ہائی الرٹ کیا جائے۔تمام متعلقہ ڈپٹی کمشنرز فوری طور پر احکامات پر عمل درآمد شروع کر دیں۔ فرائض میں غفلت یا سستی ہرگز قابل برداشت نہیں۔ ممکنہ سیلابی علاقوں سے لوگوں کا انخلا فی الفور کیا جائے۔ لوگوں کے لیے کھانے پینے ، رہائش اور ادویات کا بندوبست کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت ، لائیو اسٹاک سمیت دیگر ادارے بھی اپنی تیاریاں مکمل کر لیں، سیلاب میں استعمال ہونے والے آلات ، جنریٹرز اور ہیوی مشینری کا مناسب انتظام کیا جائے۔
45