منشیات کے خاتمے کیلئے پنجاب اینٹی نارکو ٹکس فورس قائم

لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت نے صوبے میں منشیات کے خاتمے کیلئے صوبائی اینٹی نارکوٹکس فورس قائم کر دی ہے۔ نئی فورس کے قیام کا مقصد منشیات کے کاروبار کے خلاف موثر اور مربوط کارروائی کو یقینی بنانا ہے تاکہ نوجوان نسل کو اس ناسور سے محفوظ رکھا جا سکے۔حکام کے مطابق پنجاب کے 9 ڈویژنز میں تھانوں کی سطح پر مختلف سرکاری محکموں کے اہلکاروں پر مشتمل خصوصی فورس تشکیل دی گئی ہے جو منشیات فروشوں کے خلاف مشترکہ کارروائیاں کرے گی۔لاہور میں مقدمات کی جلد سماعت کیلئے سیشن کورٹ میں ایڈیشنل سیشن جج رمضان کھچی پر مشتمل خصوصی عدالت بھی قائم کر دی گئی ہے تاکہ زیر التوا کیسز کو تیزی سے نمٹایا جا سکے۔ صوبائی اینٹی نارکوٹکس فورس کا مرکزی تھانہ ہربنس پورہ میں قائم کیا گیا ہے جہاں نئی فورس کے ملازمین تعینات کر دیے گئے ہیں۔ مقدمات کی مثر پیروی کیلئے دو پراسیکیوٹرز، شبیر احمد خان اور ساجد سعید بھٹی کو مقرر کیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ نئی فورس کے قیام سے منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ ہوگا اور صوبے میں انسدادِ منشیات کی کارروائیوں میں مزید تیزی آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں