فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او صاحبزادہ بلال عمر کی ہدایت پر منشیات فروش کیخلاف مہم کے دوران ایس ایچ او تھانہ منصورآباد توقیر اختر گجر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب چھاپہ مار کر بدنام زمانہ منشیات فروش خاتون آسیہ کو سوا کلوگرام چرس سمیت پکڑ لیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید برآمدگی کیلئے بازپرس شروع کر دی ہے۔ تفصیل کے مطابق ایس ایچ او تھانہ منصورآباد توقیر اختر گجر نے اپنے علاقہ میں منشیات فروشوں کیخلاف گھیرا تنگ کر دیا۔ منصور آ باد پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ منصورآباد داتا پارک گلی نمبر10 میں بدنام منشیات فروش خاتون آسیہ بی بی زوجہ یٰسین سرعام منشیات سپلائی کا دھندہ کرتی ہے۔ جس پر منصورآباد ٹیم نے داتا پارک میں چھاپہ مار کر مذکورہ منشیات فروش خاتون کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے 1250 گرام چرس برآمد کر کے اس کے خلاف 9-C کے تحت مقدمہ درج کر کے بازپرس شروع کر دی ہے اور اسکو منشیات سپلائی کرنے والوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تاہم سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے منشیات فروش خاتون کو گرفتار کرنے پر ایس ایچ او تھانہ منصورآباد اور ان کی ٹیم کو شاباش دی ہے۔



