منیر سدھانہ ایڈووکیٹ قتل کیس کا مرکزی ملزم مبینہ مقابلے میں ہلاک

جھنگ(نامہ نگار)تھانہ سیٹلائٹ ٹائون کے علاقے میں سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلے کے دوران DBAجھنگ کے سابق صدر مہر منیر سدھانہ ایڈووکیٹ قتل کیس کا مرکزی ملزم عمران عرف مانی شاہ مارا گیا ۔تفصیلات کے مطابق 29نومبر صبح 10بجے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جھنگ کے سابق صدر مہر منیراحمد خان سدھانہ ایڈووکیٹ اپنے ڈرائیور ممتاز حسین کے ہمراہ اپنی رہائش گاہ چوہدری کالونی گوجرہ روڈ جھنگ سے کار میں سوار ہو کر ضلع کچہری جانے کیلئے نکلے تو راستے میں گوجرہ روڈ پر واقع سعید میڈیکل کمپلیکس کے نزدیک دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4مسلح افراد عمران عرف مانی شاہ’عاشق شاہ وغیرہ نے کار کو زبردستی روک لیا اور اندھا دھند فائرنگ کرکے مہر منیر سدھانہ ایڈووکیٹ اور اس کے ڈرائیور ممتاز حسین کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ تھانہ سیٹلائٹ ٹائون میں ان ملزما ن کے خلاف زیر دفعہ302’109’34ت پ کا مقدمہ درج ہوا۔جس کے بعد چند روز قبل جھنگ پولیس نے اس کیس میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے مرکزی ملزم عمران عرف مانی شاہ’ عاشق شاہ’ ثمر شاہ سمیت گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق آج 16دسمبر کی صبح سی سی ڈی کے اہلکار اس قتل کیس کے مرکزی ملزم عمران عرف مانی شاہ کو دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے لے کر جا رہے تھے کہ راستے میں ان ملزمان کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا ۔فائرنگ کی زدمیں آکر ملزم عمران عرف مانی شاہ مارا گیا۔ایک کانسٹیبل بھی زخمی ہوا باقی ملزمان فرار ہو گئے۔جن کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جار ہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں