موت کوبہت قریب سے دیکھا،بھارتی اداکارہ زینت امان

ممبئی (شوبز نیوز) بالی ووڈ کی ماضی کی مشہور اداکارہ زینت امان نے کہا ہے کہ گزشتہ روز وہ موت کے منہ سے واپس آئی ہیں۔انسٹاگرام پر اداکارہ نے ایک واقعہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ شوٹ سے واپسی کے بعد بلڈ پریشر کی دوا لینے لگی۔ جیسے ہی گولی نگلنے کی کوشش کی وہ حلق میں پھنس گئی، جس سے سانس لینے میں دشواری ہونے لگی۔زینت امان نے کہا کہ وہ نہ تو گولی نگل پا رہی تھیں اور نہ ہی اسے باہر نکال پا رہی تھیں، کافی سارا پانی پینے کے باوجود گولی اپنی جگہ پر اٹکی رہی، اس دوران گھر میں صرف ان کے پالتو جانور موجود تھے، اور ڈاکٹر کا نمبر بھی مسلسل مصروف تھا۔ گھبراہٹ کے عالم میں انہوں نے زاہان خان کو فون کیا، جو فورا ان کی مدد کیلئے پہنچ گئے۔زینت امان نے بتایا کہ زاہان کے آنے کے بعد انہوں نے ڈاکٹر سے رابطہ کیا، جنہوں نے اطمینان دلایا کہ گولی وقت کے ساتھ گھل جائے گی، اس کے بعد گرم پانی پینے کا سلسلہ جاری رکھا اور کچھ وقت بعد گولی گھل گئی۔اداکارہ نے کہا کہ اس تجربے نے انہیں یہ سکھایا کہ زندگی میں بعض اوقات مسائل کا فوری حل تلاش کرنے کے بجائے صبر اور سکون سے کام لینا ضروری ہوتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں