مودی پر بنا گانا بھارتی عوام نے مسترد کردیا

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کے سیاسی سفر کے25سال مکمل ہونے پر مودی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے ریلیز کیے گئے گانے پر بھارتی عوام بھڑک اٹھے۔وزیرِ اعظم نریندر مودی کے سیاسی سفر کے 25 سال مکمل ہونے پر جہاں بی جے پی قائدین اور حامی سوشل میڈیا پر مبارکبادیں دے رہے ہیں، وہیں مودی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ریلیز کیا گیا گانا تنازع کا شکار ہوگیا۔بالی ووڈ کی معروف میوزک کمپنی ٹی سیریز نے حال ہی میں مودی ہے تو ممکن ہے کے نام سے ایک خصوصی گانا جاری کیا، اس گانے میں مودی کے سیاسی وژن، قیادت اور حکومت کی کامیابیوں کی تعریف کی گئی ہے۔ لیکن اس گانے نے بھارتی عوام کو سیخ پا کردیا ہے، بھارتی عوام کا کہنا ہے کہ یہ گانا سیاسی پروپیگنڈا ہے، جسے عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے تیار کیا گیا، بہت سے سوشل میڈیا صارفین نے وزیراعظم پر الزام لگایا کہ گزشتہ گیارہ برسوں میں وہ صرف تشہیر پر اربوں روپے خرچ کر چکے ہیں۔یوٹیوب پر جاری ہونے کے ایک ہفتے کے اندر ہی اس گانے کو شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا، اب تک اس ویڈیو کو صرف چودہ ہزار لائکس ملے ہیں، جب کہ ایک لاکھ سے زائد ڈس لائکس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ عوامی مخالفت میں اضافہ دیکھتے ہوئے ویڈیو کے منتظمین نے یوٹیوب پر ڈس لائک کانٹ کو ہائیڈ کر دیا، جس سے صارفین مزید برہم نظر آئے۔دوسری جانب کئی بھارتی شہریوں نے اسی گانے کو ریمکس کرتے ہوئے طنزیہ ویڈیوز بھی بنانا شروع کر دی ہیں، ان ویڈیوز میں سڑکوں پر موجود گڑھوں، کچرے کے ڈھیروں اور عوامی مسائل کی جھلک دکھاتے ہوئے پس منظر میں یہی گیت چلایا جا رہا ہے، مودی ہے تو ممکن ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں